اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو محمد میاں سومرو کی نشست پر ضمنی انتخاب کرانے سے روک دیا


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے محمد میاں سومرو کی نشست پر الیکشن کمیشن کو ضمنی الیکشن کرانے سے روک دیا، آئندہ سماعت تک این اے 196 جیک آباد کی نشست پر ضمنی انتخاب نہ کرائے جائیں،عدالت نے رجسٹرار کوستمبرمیں کیس دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے محمد میاں سومرو کی درخواست پر سماعت کی جبکہ پٹیشنر محمد میاں سومرو کی جانب سے بیرسٹر زینب جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئے۔ زینب جنجوعہ ایڈوکیٹ نے موقف پیش کیا کہ محمد میاں سومرو حلقہ این اے 196 جیکب آباد سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

محمد میاں سومرو پی ٹی آئی کے ان لوگوں میں سے ہیں جنہوں نے استعفی نہیں دیا۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ چالیس دن اسمبلی سے غیر حاضر رہنے پر اسپیکر نے نشست خالی قراردی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ پٹیشنر چالیس روز تک اسمبلی نہیں گئے اور نہ ہی چھٹی کی درخواست دی، وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار بیرون ملک ہیں، بیماری کی وجہ سے زیادہ سفر نہیں کرسکتے۔ الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو ڈی نوٹی فائی کرکے ضمنی الیکشن کا اعلان کردیا۔

عدالت نے کہا کہ اپنے موکل سے پوچھیے کہ اگر ملک واپسی ہوتی ہے تو اسمبلی اجلاس جانا ضروری ہوگا۔ ایسا نہیں ہوتا کہ عدالت نوٹیفکیشن معطل کرے اور آپ کا موکل اسمبلی ہی نہ جائے۔ وکیل نے کہا کہ محمد میاں سومرو 27ستمبر کو واپس آئیں گے اور اسمبلی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ عدالت نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ بتائیں کہ اس رٹ پر اسپیکر قومی اسمبلی کو کیسے نوٹس کیا جاسکتا ہے؟ اسپیکر قومی اسمبلی کو نوٹس نہیں جاری کرسکتے،

سیکرٹری اسمبلی کو نوٹس جاری کریں گے۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے  محمد میاں سومرو کی نشست پر الیکشن کمیشن کو ضمنی الیکشن کرانے سے روک دیا ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے محفوظ فیصلہ جاری کردیا، عدالت نے فیصلے میں کہاکہ آئندہ سماعت تک این اے 196 جیک آباد کی نشست پر الیکشن کمیشن ضمنی الیکشن نا کرائے ،  وزارت قانون ، سیکریٹری قومی اسمبلی اور الیکشن کو نوٹس جاری کر دیے ہیں،عدالت نے رجسٹرار ہائی کورٹ کو ستمبر میں کیس دوبارہ مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔