حکومت بارش متاثرین کو ریلیف دینے میں ناکام ثابت ہوئی ، محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ حکومت بارش متاثرین کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے، مسلسل بارش نے عوام کو اپنے گھروں فصلوں و املاک سے محروم کردیا ہے۔پورے سندھ کو آفت زدہ قرار دیا جائے۔ سندھ کے ھر ضلعی انتظامیہ نے ایمرجنسی کا اعلان اور کروڑوں کے بجٹ تو بنالیے مگر ھر شھر بارش میں ڈوبا ہوا ہے اور متاثرین بے یارومددگار پڑے ہوئے ہیں۔ صوبائی وزرا و بیوروکریسی فوٹوسییشن سے آگے بڑہ کر مصیبت زدہ عوام کی امداد و بحالی کی لیے عملی و سنجیدہ اقدامات کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوری آباد پریس کلب میں پریس کانفرس سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی سکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، امیر ضلع حافظ محمد صالح بھرٹ بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ صوبائی امیر نے بارش میں قیمتی انسانی جانوں و املاک کے نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پوری دنیا میں ھر سال بارشیں ہوتیں رہتی ہیں۔یہ اللہ کی رحمت ہوتی ہوئے مگر حکومتی نااہلی، کرپشن اور انتظامی غفلت کی وجہ سے یہ انسانوں کے لیے زحمت بن جاتی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے باوجود حکومتی بے حسی افسوس ناک اور عوام دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔ اداروں کی کرپشن اور حکومتی نااہلی کی وجہ سے اس وقت کراچی سے کشمور تک سندھ کا ہر شہر تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ سیوریج و بارش کے پانی کا نکاس نہ ہونے کی وجہ سے پانی روڈوں گلی محلے میں تالاب اور جوھڑ کی شکل میں کھڑا ہوگیا ہے اور یہ پانی لوگوں کے گھروں دکانوں و بازاروں میں داخل ہوچکا ہے۔ جس کی وجہ اربوں کا نقصان اور غریب لوگ اپنی سال بھر کی جمع پونجی سے محروم ہوگئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سندھ نے زور دیا کہ حکومت متاثرین کا سروے کراکے لوگوں کے نقصان کا ازالہ اور بارش و سیلاب میں پھنسے اور اپنے گھروں سے محروم لوگوں کو ریسکیو کرکے سرکاری امارتوں میں منتقل کرکے بحالی کی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے۔دریں اثنا صوبائی امیر نے جماعت اسلامی کے ذمے داران اور الخدمت کے رضاکاروں کو ہدایات جاری کردیں ہیں کہ وہ انسانیت سے ہمدردی کے ناطے بارش و سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی ریسکیو راشن سمیت ہرممکن مدد کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔