عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے کیلئے کردارادا کرے ،مشال ملک


اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشال حسین ملک نے سری نگر کے علاقہ رام باغ میں بھارتی فوج کی جانب سے جعلی مقابلہ میں تین معصوم کشمیریوں کی شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آج دنیا سے سوال پوچھتی ہوں کہ اور کتنی نسل کشی کشمیری قوم برداشت کرے گی، جس تیزی کے ساتھ ہمیں شہید کیا جارہا ہے اور جس تیزی کے ساتھ آبادی کا تناسب بدلا جارہا ہے مجھے افسوس اس بات پر ہے کہ دنیا آج خاموش تماشائی بن کر بیٹھی ہوئی ہے ،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے کیلئے کردارادا کرے ۔ان خیالات کااظہار مشال حسین ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔مشال ملک نے اپنے پیغام کے شرو ع میں شعر پڑھ کر سنایا

قاتل نے کس صفائی سے دھوئی ہے آستین

اس کو خبر نہیں کہ لہو بولتا بھی ہے

بھارتی جیل میں قید حریت رہنما محمد یٰسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا تھا کہ آج کے دن مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارت کی دہشت گردآرمی نے تین جوانوں کی جان لے لی، ان کو بھون ڈالا، ان کی گاڑی کے اندر اندھا دھند فائرنگ کی اور ان سب کو شہید کردیا۔ آج کا یہ واقعہ سری نگر رام باغ کے اندر ہوا ہے اور وہاں پر خوف وہراس پھیلانے کے لئے بھارت کی دہشت گرد آرمی نے یہ قتل عام کیا، جہاں چاہتے ہیں سڑک پر چلتے لوگوں کو کہیں بھی شہید کردیتے ہیں، میں آج دنیا سے سوال پوچھتی ہوں کہ اور کتنی نسل کشی کشمیری قوم برداشت کرے گی، جس تیزی کے ساتھ ہمیں شہید کیا جارہا ہے اور جس تیزی کے ساتھ آبادی کا تناسب بدلا جارہا ہے مجھے افسوس اس بات پر ہے کہ دنیا آج خاموش تماشائی بن کر بیٹھی ہوئی ہے۔

مشال ملک کا کہنا تھا کہ میں اقوام متحدہ سے اپیل کرتی ہوں کہ آپ فوری طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر جائیں، اگر بھارت روکتا ہے پھر بھی آپ ہر ممکن کوشش کریں کہ وہاں پر پہنچیں ، شہداء کے لواحقین کے ساتھ ملاقات کریں،ان کی آواز اٹھائیں، جتنی بھی عالمی برادری کی تنظیمیں ہیں وہ اپنی چُپ کو ختم کریں اوراپنی خاموشی کو توڑدیں اورحق اورسچ کی آواز بلند کریں اورکشمیریوں پر ظلم اور ان کا قتل عام روکنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔