اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ سے کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ ارتک بائیو ایبک مختاروچ نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی، اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کرغزستان تاریخ اور ثقافت کے انمول رشتے میں بندھے ہیں، پاکستان کا سمندری راستہ وسطی ایشیائی ریاستوں کی تجارت میں فروغ کے لئے مزید معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کرغزستان کی تجارت میں مزید فروغ کے لئے کاروباری وفود کا تبادلہ ضروری ہے۔ کرغزستان میں ہزاروں پاکستانی طلبا زیرتعلیم ہیں، عوامی سطح پر رابطوں کو سیاحتی و ثقافتی تناظر میں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔