امریکی ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات


اسلام آباد (صباح نیوز)امریکی ڈیمو کریٹ رہنما طاہر جاوید نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ،اس موقع پر پاک امریکہ بزنس فورم کے چیئرمین حفیظ خان بھی ان کے ہمراہ تھے،دوران ملاقات پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات ،معاشی سفارت کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،ہماری حکومت، معاشی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ،پاکستان، بیرونی سرمایہ کاروں کو، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے، ای ویزہ سمیت کئی اہم سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیاں ان مراعات سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان کے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کر کے بہترین منافع کما سکتی ہیں ۔ملاقات میں امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے بھی خصوصی گفتگو کی گئی

وزیر خارجہ نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی  کیلئے ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید کی خدمات کو سراہا۔

طاہر جاوید نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے،انہیں، پاکستان اور امریکہ کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دیا۔