پاکستان عراق کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، چیئرمین سینیٹ


اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان عراق کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے عراقی سفیر حامد عباس لفتہ کی پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دوطرفہ تجارت کو مذید وسعت دینے کے حوالے سے گفتگو ہوئی جبکہ عراق کے موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی ملاقات میں گفتگو ہوئی۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، اسلامی ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری قدریں مشترک ہیں، پاکستان عراق کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کے زریعے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی روابط کو فروع دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت کا موجودہ حجم دونوں ممالک میں پائی جانے والی استعداد کے مقابلے میں کم ہے جس کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔محمد صادق سنجرانی نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز اف کامرس میں رابطوں کو فروع دے کر تجارتی حجم میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ عراقی قوم ایک بہادر قوم ہے جس نے ثابت قدمی سے اپنے مسائل پر قابو پایا ہے، عراق پاکستان سے چاول، آلات جراحی، کھیلوں کے سامان ، فرنیچر اور دیگر مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔

اس موقع پر عراقی سفیر حامد عباس لفتہ نے کہا کہ عراق پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور موجودہ تعلقات کو اقتصادی و تجارتی رابطوں کو فروع دے کر مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔حامد عباس لفتہ نے عراق میں کام کرنے والے پاکستانی تارکین وطن کی خدمات کو سراہا اور انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حالیہ سالوں میں پاکستان اور عراق کے مابین تعلقات کو تیزی سے فروغ حاصل ہوا ہے۔عراقی سفیر حامد عباس لفتہ نے عالم اسلام کے اتحاد کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان براہ راست فضائی روابط بڑھانے کی ضرورت ہے