لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد خلاف انسانیت فعل ہے۔ خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد معاشرتی برائی اور قانونا جرم ہے،خواتین پر تشدد خلاف انسانیت فعل ہے، خواتین کو بااختیار بنا کر اور برابر کے حقوق دے کر ایسی معاشرتی برائی کا خاتمہ ممکن ہے، دین اسلام نے خواتین کو جن حقوق سے نوازا ہے، کسی معاشرے میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کیخلاف تشدد کی روک تھام کیلئے موثر قانون سازی کی گئی ہے، خواتین کی دادرسی اور انہیں فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ملتان میں سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر بنایا گیا ہے، اس سنٹر میں پولیس، پراسیکیوشن، میڈیکل اور فرانزک کی سہولتیں ایک ہی جگہ پر دستیاب ہیں، خواتین کی دادرسی اور انہیں فوری انصاف کی فراہمی کیلئے قائم سنٹرز کا دائرہ کار صوبہ بھر میں پھیلایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تشدد کا شکار خواتین کی داد رسی کیلئے موثر اقدامات کررہی ہے، نئے پاکستان کا خواب خواتین پر تشدد کے مکمل خاتمے تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، یہ دن تشدد کا شکار خواتین کو تحفظ دے کر انہیں معاشرے میں باعزت زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرتا ہے، خواتین پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے ہم سب کو مذہبی، سماجی اور اخلاقی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی، ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ خواتین پر تشدد کی روک تھام اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات تسلسل کیساتھ جاری رکھیں گے۔