اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد پاک فوج کے خلاف مہم پاکستان تحریک انصاف اور بھارت کا مشترکہ پروجیکٹ تھا،ادارے شہدا کیخلاف پروپیگنڈا مہم میں ملوث افراد کیخلاف حرکت میں ہیں،تفتیش آخری مرحلے میں پہنچ گئی، نتائج جلد سامنے آئیں گے، آرمی چیف کے عہدے پر تقرری معاملہ پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، اس معاملے پر ابھی کوئی کاروائی نہیں ہورہی،سیاستدانوں کو قومی معاملات پر مل بیٹھ کر بات کرنی چاہئے، ٹی ٹی پی کی موجودگی سے متعلق دوبارہ ریوائیول کی کوئی بات نہیں ۔
ان خیالات کا ا ظہار وزیردفاع نے بدھ کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ آصف نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ جب سے فارن فنڈنگ کا نتیجہ سامنے آیا ہے کہ عمران نے خیرات کا پیسہ کیسے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا ،شوکت خانم کا نام استعمال کرکے فنڈز اکٹھے کئے،ہزاروں انٹرئز سامنے آئیں، جن سے بچنے کے لئے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے،اس پارٹی اور اس کے لیڈرز نے سنگدل حرکتیں کی ہیں،اس قسم کی حدود سے باہر گفتگو کبھی کسی سیاسی جماعت نے نہیں کی
انہوں نے کہا کہ لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر کا ایک سانحہ ہوا، لسبیلہ کے المناک واقعہ پر پوری قوم غمزدہ ہے،پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم جن کو انڈین حمایت حاصل تھی ان سے پاک فوج کے خلاف مہم چلائی گئی، دفاعی اداروں کا تعلق ملک کے دفاع سے ہے، پاکستان سے 529, بھارت سے تیس اور دوسرے ممالک سے تینتیس کے قریب اکاونٹ تھے، اس مہم کے خلاف تحقیقات کے نتائج جلد سامنے آئیں گے، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اپنی ٹویٹس پر بیدردی کا استعمال کیا، سیاسی مقاصد کے لئے یہ گرگئے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ان کو ہندوستانیوں کی اعانت بھی حاصل ہے،اٹھارہ اکاونٹس کا ہندوستان سے تعلق نکلا ہے، ہندوستان کے مفادات کو پی ٹی آئی آگے بڑھا رہی ہے، جتنا بھی ڈیٹا ہے یہ کنفرم اور مصدقہ ہے، جتنے اکاونٹس سامنے آئے ان کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے،عمران خان کو ایف آئی اے کے سامنے فارن فنڈنگ کیس میں پیش ہونا چاہئے، ہیلی کاپٹر حادثہ موسم کی خرابی سے ہوا، جو لوگ ملوث ہیں ان کو قانون اور قاعدہ کے مطابق سزا دی جائے گی، انکوائری عدالتوں کے سامنے رکھی جائے گی،سزائیں عدالتیں دیں۔
و زیردفاع خواجہ آصف نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ لسبیلہ حادثہ پر ان کی طرف سے رخ بدلا گیا، پھر شہباز گل معاملہ کی طرف توجہ بدلنے کی کوشش کی گئی، اقتدار چھن جانے سے متعلق اتنی دور تک یہ نکل گئے ہیں، ادارے حرکت میں آئے ہوئے ہیں، قانون کے مطابق احتساب کیا جائے گا،کسی قسم کا سیاسی انتقام یا بدلہ نہیں لیا جائے گا، وہی کارروائی کی جائے گی جو قانون کے مطابق ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں سازش کے بیانیہ کے بعد پچیس ہزار ڈالر پر لابئیسٹ رکھ لیا گیا، عمران نے نوے کی دہائی میں ہندوستان میں بیٹھ کر فوج کے خلاف بات کی برطانیہ میں بیٹھ کر فوج کے خلاف بات کی، اپنے بیانات عمران بھول گئے، شہباز گل کے ڈرائیور کی بیوی کی گرفتاری پر مریم نواز اور رانا ثنااللہ کے بیانات آچکے ہیں،شہباز گل کے معاملہ کی تحقیقات کے جو نتائج نکلیں گے وہ بتائیں گے کہ اس معاملہ کو درست ہینڈل کیا گیا یا نہیں،شہباز گل نے جو کہا وہ نجی ٹی وی پر کہا، شہباز گل پر کاروائی ہوگی تو اس میڈیا جو اس کی وجہ بنا اس پر بھی کاروائی ہوگی،عمران خان چارپانچ دن شہباز گل کے بیان پر ردعمل چیک کرتے رہے، پانچ دن کے بعد عمران کو خیال آیا کہ گل کو ایسا نہیں کہنا چاہئے تھا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ شہباز گِل کے حوالے سے یہ باتیں آئیں کہ ان کو مارا پیٹا گیا ہے، ان کے اپنے وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے بیان دیا کہ ان پر کوئی تشدد نہیں ہوا، اسی طرح انہوں نے مزید توجہ ہٹانے کی کوشش کی، اس سلسلے کو فوری طور پر بند ہونا چاہیے،وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف مہم پی ٹی آئی اور بھارت کا مشترکہ پروجیکٹ تھا، بھارت کے چینلز برملا کہتے ہیں کہ اس وقت عمران خان جو کام ہمارے لیے کررہا ہے، اگر ہم اربوں، کھربوں ڈالر بھی خرچ کرتے تو شاید ہم پاکستان کے اندر اس قسم کا نیٹ ورک نہ پیدا کرسکتے جو بھارت کے مفادات کے تحفظ یا اس کو آگے بڑھانے میں پی ٹی آئی اور اس کا سربراہ عمران خان کررہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام تر ڈیٹا تصدیق شدہ ہے، آنے والے دنوں میں اس سلسلے میں مزید انکشافات بھی کریں گے