پنجاب اسمبلی نے نجی قرض پر سود کی پابندی کا بل منظور کرلیا


لاہور(صباح نیوز) پنجاب اسمبلی نے نجی قرض پر سود کی پابندی کا بل منظور کرلیا ، وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ اللہ کے احکامات کی تعمیل میں پرائیویٹ طورپر سود کے کاروبار پر پابندی لگا رہے ہیں، دین کا کام جس شخص کے ہاتھوں ہورہا ہے اس کا نام عمران خان ہے،  سودکے کاروبار پر پابندی کا کریڈٹ پورے ایوان کو جاتا ہے۔ ایم پی اے خدیجہ عمر نے دی پنجاب پروہیبٹیشن آف انٹرسٹ آن پرائیویٹ لون بل 2022 پیش کیا۔ جسے صوبائی اسمبلی نے منظور کر لیا ہے۔

  وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے بل کی منظوری کے بعد صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو پاکستان کا مطلب کیا،لا الہ الااللہ کی عملی تفسیرکاکام شروع ہوچکا، دینی تعلیم دے کر نئی نسل کو بے راہ روی سے بچانا چاہتے ہیں۔  پرویز الہی نے کہاکہ دینی تعلیم حاصل کرنے والے بچے ناقابل تسخیر نسل ہوں گے، دینی تعلیم کے فیصلے کا کریڈٹ اوردعائیں ہر وقت ملتی رہیں گی، گرائمر اسکولوں میں بھی دین کے حوالے سے کام شروع کردیا ہے۔

پرویز الہی کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے میٹرک اوراب بی اے تک تعلیم مفت کررہے ہیں،کتابیں بھی دیں گے، دینی تعلیم کی مانیٹرنگ کا سلسلہ شروع کرنے پر ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سول ججز متعلقہ اسکولوں میں جاکردینی تعلیم کی تحصیل کا جائزہ لے رہے ہیں، اسکولوں میں طلبا کو سپارے بغیر کسی ہدیے کے فراہم کیے جائیں گے۔ پرویز الہی نے بتایا کہ دین کا کام جس شخص کے ہاتھوں ہورہا ہے اس کا نام عمران خان ہے، جو دین کا کام اس اسمبلی میں کیاگیا اس کی مثال نہیں ملتی، آج تمام ایوان،حکومت اور خاص طورپرعمران خان کو دل کی اتہاہ گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سودکے کاروبار پر پابندی کا کریڈٹ پورے ایوان اورخاص طورپرقائد عمران خان کو جاتا ہے، سود کا کاروبار کرنے والے روزقیامت کالے منہ کے ساتھ اٹھائے جائیں گے، سود کا کاروبار ایک لعنت ہے جسے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم  نے بھی منع فرمایا ہے، اللہ اوراللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات کی تعمیل میں پرائیویٹ طورپر سود کے کاروبار پر پابندی لگا رہے ہیں۔