ملتان اور سکھر میں ہونے والے ٹریفک حادثوں نے قوم کو سوگوار کردیا،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے ملتان اور سکھر میں ہونے والے ٹریفک  حادثوں پر گہرے رنج و غم اور جاںبحق ہونے افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں حادثوںنے قوم کو سوگوار کردیا ہے۔ قیمتی جانوں کا ضیاع باعث افسوس ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ملتان اور سکھرحادثوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کی ہر ممکن مالی اور طبی امداد کو یقینی بنائے۔ حادثوں کے اصل محرکات قوم کے سامنے لائے جائیں اور ذمہ داران کا تعین ہونا چاہیے۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوںمیں ہوشربا اضافہ قابل مذمت ہے۔ ملک میں پہلے ہی نہ رکنے والی مہنگائی کا ایک سلسلہ جاری ہے۔ آئے روز بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں نے عوام کی زندگی بھی اجیرن بنادی ہے۔

نااہل حکمرانوں کو عوام کی تکالیف کا  ا حساس ہی نہیں۔ عوام جھولیاں اٹھا کر بد دعائیں دینے پر مجبور ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ڈالر کی قیمت میں کمی آنے کے باوجود اس کے ثمرات عوام تک منتقل نہیں ہورہے۔ عوام کو درپیش مشکلات میں حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ پاکستان عملا ً مسائلستان بن چکا ہے۔ ادارے تباہی کا منظر پیش کررہے ہیں جبکہ کاروبار لاگت بڑھنے کی وجہ سے ٹھپ ہوتے چلے جارہے ہیں۔ تحریک انصاف اور اتحادی حکومت دونوں کی عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔