گسے پٹے اور آزمائے لوگوں کو بار بار آزمانا عقل مندی نہیں ،راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم نے 75واں یوم آزادی منایا اور یہ یوم جائزہ بھی ہے۔ یوم آزادی یوم احتساب بھی ہے، 75برسوں سے پاکستان کی کیا کیفیت رہی ہے۔ ملک کی جغرافیائی حدود کم اور مشرقی پاکستان ہم سے چھین لیا گیا۔ معیشت بدحال، کھیل کے میدان ویران، انڈسٹری اورسٹیل مل تباہ ہو گئی۔

اانہوں نے کہاکہ ایک وقت میں پی آئی اے دنیا کی بہترین ائیرلائن تھی جو آج زبوں حالی کا شکار ہے۔ حالات کو اس نہج پر پہنچانے کے ذمہ دار مارشل لاز کے ادوار اور تینوں بڑی نام نہاد سیاسی جماعتیں ہیں۔ ان سب نے مل کر ملک کو زوال کی جانب دھکیل دیا۔ راشد نسیم نے کہاکہ وطن عزیز کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کے لیے ایماندار اور اہل قیادت درکار ہے۔پاکستان کا ہی نہیں انسانیت کا مستقبل بھی دین فطر ت میں پوشیدہ ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان اپنے اندر صلاحیت اور صالحیت پیدا کریں تاکہ وہ پاکستان اور انسانیت کی خدمت کر سکیں۔ گسے پٹے اور آزمائے لوگوں کو بار بار آزمانا عقل مندی نہیں، جماعت اسلامی چہرے نہیں نظام بدلنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ تمام پریشانیوں اور مشکلات کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔