سرکاری سکیم کے حجاج کرام کی فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے حج سپورٹ فنڈ کی رقوم واپس کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا، مفتی عبدالشکور


اسلام آباد(صباح نیوز)سرکاری سکیم کے حجاج کرام کی وطن واپسی مکمل ہونے کے ساتھ ہی حسب وعدہ فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے حج سپورٹ فنڈ کی رقوم واپس کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہی۔

حج سپورٹ فنڈ کی مد میں سرکاری حجاج کرام کو 5 ارب، 10 کروڑ، 73 لاکھ 50 ہزار روپے کی تقسیم کا عمل 17اگست تا 31 اگست مکمل کر لیا جائے گا۔ 34 ہزار 49سرکاری حجاج (بشمول 2 ہزار اضافی حج کوٹہ)کو رقوم کی واپسی کی اطلاع بذریعہ موبائل SMS کی جائے گی۔ وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے سرکاری حجاج کرام کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ وقت کے اندر اپنے متعلقہ بینک سے رابطہ کریں ۔ بینک کے عملہ کو موبائل میسج ، اصل شناختی کارڈ، اصل پاسپورٹ اور اصل بینک رسید دکھانا لازم ہو گا۔ نامزد بینک حجاج کرام کی رقوم کی واپسی انکی سہولت کے مطابق بذریعہ بینک اکاونٹ، پے آرڈر یا نقد کی صورت میں ادا کرنے کے پابند ہیں ۔

اس سے قبل انہوں نے کہا کہ مختصر وقت میں حج 2022 کے اعلی انتظامات کو ممکن بنایا ۔ اس سال حج کی نمایاں خصوصیات میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے 15000 سے زائد سرکاری حجاج کو “روٹ ٹو مکہ” کی سہولت ، مکہ مکرمہ میں 10 سال کے بعد حرم کے قریب ترین رہائش گاہیں ، تمام حجاج کو حرم ٹرانسپورٹ 24/7 بلا تعطل فراہمی، مدینہ منورہ میں تمام حجاج کو مرکزیہ میں 4 اور 5 سٹار ہوٹلوں کی فراہمی شامل ہے۔ نیز منی کے مکاتب مجموعے کی شکل میں اور جمرات سے قریب لیے۔ میدانِ عرفات میں پاکستانی مکاتب مسجد نمرہ اور جبل رحمت کے نزدیک اور مجموعے کی شکل میں حاصل کئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حجاج کو قریبا 40 دن قیام کے دوران بہترین پاکستانی معیار کے تین وقت کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ مکہ سے مدینہ /مدینہ تا مکہ قریبا 450 کلومیٹر سفر کیلئے جدید ماڈل کی لگژری بسوں کا انتظام کیا گیا۔ مدینہ منورہ میں معاونین حج کی مدد سے ریاض الجنہ کی زیارت اور وطن واپسی کیلئے سعودی عرب میں سٹی چیک-ان کے ذریعے حجاج کی رہائشگاہوں میں 24 گھنٹے پہلے انکے سامان کی بکنگ اور بورڈنگ پاسز کا اجرا عمل میں لایا گیا۔