پنجاب حکومت کا معذور ملازمین کو 10 ہزار روپے ماہانہ کنوینس الاؤنس دینے کا اعلان


لاہور(صباح نیوز)پنجاب حکومت نے تمام سرکاری اداروں کے معذور  ملازمین کو 10 ہزار روپے ماہانہ کنوینس الاؤنس دینے کا اعلان کیا ہے۔  وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی سے نابینا افراد نے پیر کے روز ملاقات کی،

اس موقع پر پرویز الہی نے صوبے کے تمام اداروں میں نابینا اور  دیگر  معذور  ملازمین کے  لیے کنوینس  الوانس بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ  پنجاب حکومت معذور افراد کو 10ہزار روپے ماہانہ کنوینس الاونس دیگی۔  وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے کے تمام اداروں میں معذور افراد کے لیے پوسٹوں کو اپ گریڈ کریں گے، معذور افراد کے لیے 664 خالی آسامیوں پر فی الفور بھرتی کی جائیگی۔

وزیراعلی نے محکمہ اسپیشل ایجوکیشن کو  سمری وزیراعلی  آفس بھجوانے کی ہدایت بھی کردی ہے۔  چوہدری پرویز الہی کا مزیدکہنا تھا کہ یہ ثواب کا کام ہے اس میں ایک سیکنڈ کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے، افسوس کا مقام ہے کہ ن لیگ حکومت نے معذور افراد کے مسائل  سے پہلوتہی کی۔