کشمیریوں نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر ثابت کردیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہیں،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ آٹھ لاکھ فوج کے زیر تسلط ،کشمیریوں نے پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منا اور سبز ہلالی پرچم گھروں کی چھتوں پر لہراکر پاکستان سے اپنی محبت کے اظہار کا حق ادا کر دیا ہے ۔انھوں نے ہندوستان کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پرمنا کر یہ دنیا کے سامنے باور کروادیا ہے کہ 80لاکھ کشمیری ہندوستان کے چنگل سے آزاد ی چاہتے اور اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ جوڑنے کے خواہشمند ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت حقیقی معنوں میں جمہوری ملک ہوتا تو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے چکا ہوتا، مگر بد قسمتی سے 75برس گزرنے کے باوجود ایسا نہیں ہوا جس سے ہندوستان کی تمام نام نہاد جمہوریت اور سیکولر ازم کا پردہ چاک ہوچکا ہے۔ بھارتی حکومت آر ایس ایس کے ایجنڈے کی تکمیل پر گامزن ہے ۔ہزاروں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والوں کو ناحق قتل کردیا گیا، مگر کسی نے آواز تک نہ اٹھائی۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ سمیت تمام انسانی حقوق کے علمبردار این جی او ز کو اپنا دوہرا معیار ختم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نہتے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم اور وادی میں تین سالوں سے ظالمانہ کرفیو کے خلاف تازہ ترین صورتحال اور حقائق عالمی دنیا کے سامنے لائے۔ بھارتی حکومت کی” ہندوتوا ” پالیسیوں کا تدارک کرنا ہوگا۔ پاکستان کے 22کروڑ غیور عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اسے بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کی ریاستی بربریت اور ظلم سے نجات دلائے۔