بدانتظامی ، بد عنوانیوں ، قرضوں کی لعنت کے ذمہ دار ہر دورکا حکمران طبقہ ہے، لیاقت بلوچ


لاہور (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آزادی بڑی نعمت ہے، ہر پاکستانی مملکت خدادادکی قدر کرے اور اتحاد ، وحدت ، یکجہتی سے پاکستان کو اسلامی ، خوشحال اور مستحکم بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور اپنے حصہ کا چراغ جلائے ۔ نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوانوں کو ہی متحد ہو کر ماضی کی غلطیوں کو مٹاتے ہوئے وطن عزیز کو بامِ عروج دینا ہے۔

اٹک ، راولپنڈی ، سیالکوٹ اور لاہور میں 75ویں یوم آزادی کے حوالہ سے عوامی اور ورکرز کنونشن، ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو اپنی بنیاد پرمستحکم ، آزاد باوقار ملک بننے کے لئے قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال کیا ہے۔ بدانتظامی ، بد عنوانیاں ، قرضوں کی لعنت کے ذمہ دار ہر دورکا حکمران طبقہ ہے۔ لیڈر شپ کی نااہلی ، ناکامی اور ہٹ دھرمی ، انا ،شخصیتوں کے تصادم کا خمیازہ ملک وملت بھگت رہے ہیں۔ اِن شا اللہ پاکستان ترقی کرے گا اور تاقیامت سلامت رہے گا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ روپے کی قدرمیں بہتری اورعالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کاپورا ریلیف عوام کی طرف منتقل کیا جائے۔ غریب ، بے روزگار ، بے کس، بے سہارا لشکر بڑی مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہے۔طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے متاثرین اعلانات کے باوجود امداد سے محروم ہیں۔ آئی ایم ایف اور دوست ممالک سے مالی ریلیف کا نشہ ہی ہماری تباہی ہے۔ سیاسی بحرانوں اور اقتصادی بحران پرقومی ڈائیلاگ ضروری ہے، سیاسی اختلافات کو نظرانداز کر کے میثاقِ معیشت کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔قومی قیادت قومی ترجیحات پر اکٹھی ہو اور ملک وملت کی حالت پر رحم کھائے ۔سب کو انا، ہٹ دھرمی ، میں نہ مانوں کا غیر سیاسی ، غیر جمہوری ، غیر پارلیمانی روش ختم کرنا ہو گی۔

لیاقت بلوچ نے قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف کو 75ویں یوم آزادی کے موقع پر پروگرامات کے انعقاد کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی عوام کا نمائندہ قومی ادارہ کو جمہوری پارلیمانی اور صحت مند سیاسی روایات زیب دیتی ہیں، پارلیمانی آئین ، جمہوریت ، پارلیمانی انتخابی عمل کو بڑھتے خطرات سے نمٹنے کے لئے قومی ڈائیلاگ کے ذریعے پارلیمانی ، تعمیری سیاسی اور قومی کردار ادا کرے ۔