جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اسلام آبادمیں100سے زائد مقامات پر جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد


اسلام آباد( صباح نیوز)جماعت اسلامی کے زیراہتمام اسلام آبادمیں سو سے زائد مقامات پر جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ، جس میں پر چم کشائی اور وطن عزیز کی بقا اور سالمیت  کے لیے خصوصی دعائیں کی گئی

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم ، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا ، این اے 47کے گرو پ لیڈر محمد کاشف چوہدری ، این اے 48کے گرو پ لیڈر ملک عبد العزیز اور دیگر رہنمائوں نے تقریبات میں شر کت کی ۔

اس مو قع پر شر کا ء سے خطاب کر تے ہو ئے میاں محمد اسلم نے کہا  اللہ تعالیٰ نے ہمیں14 اگست 1947 کو وطن عزیز کی صورت میں ایک بڑے انعام سے نوازا۔اس عظیم مقصد کی خاطرلاکھوں مائوں ،بہنوں،بزرگوں اور جوانوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ،ہجرت کی آگ و خون کے دریاوں سے گزرے ،ان قربانیوں کی بدولت جو ہمیں ملک ملا ہے، پاکستان صرف زمین کا ٹکرا نہیںصرف چار صوبوں، چند شہروں اور دیہاتوں کا مجموعہ نہیں بلکہ پاکستان ایک نظریہ،عقیدہ،فلسفہ ،کلمہ توحید ،نبی ۖ کے ساتھ عشق اور محبت ہے۔ اللہ کی خاطر جینے اور مرنے کا نام ہے

انھوں نے کہا  پاکستان وقت کے طاغوت سے بغاوت کرتے ہوئے دنیا میں عد ل و انصاف اورکلمہ توحید کی بلندی کا نام ہے جو  ان شا ء اللہ تا قیامت قائم اور سلامت رہے گا۔

اس موقع پر نصر اللہ رند ھاوا نے کہا آج تجدید عہد کا دن ہے ہمیں اپنے اللہ سے وعدہ کرنا ہو گا کہ ہم جد وجہد کر کے ملک میں حقیقی معنوں میں اسلامی نظام کے لیے بھر پور جدو جہد کر یں گے ،دو قومی نظریے کی بنیاد پر بننے والی مملکت آج بھی اسلامی نظام کا تقاضا کررہی ہے،ملک نازک ترین دور سے گزر رہا ہے ایسے میں حکمراں اور عوام تمام تر اختلافات کو بھلا کر آزادی کی نعمت کا حق ادا کرتے ہوئے تعمیر وطن پر توجہ دیں اور اس وطن عزیز کو اس کے نظریے اور مقصد وجود سے ہمکنار کرنے کا عزم کریں

انھوں نے کہاملک وقوم کے تمام مسائل کے حل اور بحرانوں سے نجات کا واحد راستہ ہی یہ ہے کہ یہاں اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام کے قیام کو ممکن بنائیں۔