موسمیاتی تبدیلی نے پوری دنیا میں تباہی مچائی،شہباز شریف


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی نے پوری دنیا میں تباہی مچائی اورہمارے ہاں آم کی فصل کا نقصان ہوا، گندم کی فصل قبل ازوقت پک جائے گی، بارشیں ہوئیں، سیلاب آئے اوراس سے بے پناہ نقصان پہنچا، گلیشیئرز پگھل رہے ہیں اس سے خدانخواستہ دریا خشک ہونے کا خطرہ ہے۔ ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے حوالہ سے بھر پور اقدامات اٹھانے ہیں، اس کے لئے آگاہی مہم بنانی ہے تاکہ ہم اپنی نسلوں کو محفوظ کرسکیں اوراس مقصد کے لئے شیری رحمان کی قیادت میںوزارت ماحولیاتی تبدیلی بھرپورکام کررہی ہے۔

ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے اتوار کے روز وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں شجرکاری مہم کا افتتاح کرنے کے موقع پودہ لگانے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں تمام مہمانوں کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہم نے شجرکاری کی مہم میں پودہ لگایا ہے ۔

میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ وہ اس کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں اور ان کا محکمہ پوری جستجو سے اس کام میں آگے بڑھ رہا ہے۔میں پاکستان کے عوام سے اپیل کروں گا کہ وہ شجر کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ، اپنے جنگلات کو محفوظ کریں اور پاکستان کے ماحول کو محفوظ کریں۔