صدر مملکت کا تمام سیاسی قیادت کو مذاکرات کی دعوت دینا مضحکہ خیزہے،حافظ حمد اللہ


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا تمام سیاسی قیادت کو مذاکرات کی دعوت یا مشورہ دینامضحکہ خیزہے۔عارف علوی پہلے یہ عملا ثابت کرے کہ وہ پاکستان کے صدر ہیں یا عمران خان کا ٹائیگر ؟یہ بھی ثابت کرے کہ وہ آئین پاکستان کے تابع ہیں یا عمران کے فرمان کے؟سپریم کورٹ نے آپ کو قاضی فائزعیسیٰ کیس میں بددیانت ثابت کیا۔

ان خیالات کااظہار حافظ حمد اللہ نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ حافظ حمد اللہ نے کہا کہ سابق ڈپٹی سپیکرقاسم سوری کے غیرآئینی رولنگ فیصلے میں آپ آئین شکن اور فارن فنڈنگ فیصلے میں بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آپ کو بھی جھوٹا ثابت کیا۔ جھوٹ آئین شکن اور بددیانت جیسے منفی صفات کاحامل صدرکی جانب سے مذاکرات کی دعوت مذاق ہے۔ عدلیہ اور الیکشن کمیشن کے فیصلوں کے بعد آپ کو اخلاقی طور پرمستعفی ہوجاناچاہیے تھا۔