گیٹ نمبر چار کا راستہ اب یاد نہیں،عدم اعتماد سے ایک ماہ پہلے سے اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ نہیں،شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز)سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد سے ایک ماہ پہلے سے میرا اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ نہیں، اور 8، 9 سال سے جھوٹ بولنا چھوڑ دیا ہے، ادارے اور عدلیہ ہماری قوت ہیں، انہیں متنازع نہیں بنانا چاہیے، ہمیں چاہئے کہ اپنے گندے کپڑے گھروں میں دھو لیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے لال حویلی راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں 13 حکمران جماعتیں ہیں اورعمران خان تنہا ہے، 62 وزرا ہیں اور 17 کے محکمے نہیں، ایک مولوی کی طبیعت خرابی پر 8،8 لوگ ملنے جارہے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ بلاول بھٹو کو دوروں سے فرصت نہیں، وہ آج تک دفتر نہیں گئے، تمام ممالک کے سامنے جھولی پھیلائی گئی کسی نے پیسے نہیں دیئے، پہلے بھی آپ کو کچھ نہیں ملا، معیشت بچانے کے لیے آرمی چیف ممالک سے رابطے کرنے پر مجبور ہیں۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کے خلاف سازش لندن سے ہوئی، آج پھر یہ لندن میں میٹنگز کر رہے ہیں، نواز شریف سے کہتا ہوں جو لوگ آپ کے پاس آرہے ہیں وہ اقتدار کے بھوکے ہیں۔ دعا ہے یہ لوگ الیکشن کی طرف جائیں، اس بات کا حامی ہوں کہ الیکشن کی تاریخ دیں، میں بیٹھنے کو تیار ہوں، حکمرانوں کو مفت مشورہ ہے کہ الیکشن میں تاخیر نہ کریں، جتنا الیکشن تاخیر سے ہوگا عمران اتنے ہی مقبول ہوگا، امپورٹڈ حکومت سے ہمارے کمزور حلقے مزید مضبوط ہوگئے ہیں، 13 پی ڈی ایم جماعتیں غرق ہو چکی ہیں، آصف زرداری صرف سندھ کی حد تک سیاست کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام طاقتوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ ملک کو تباہی سے بچائیں، آج کمرشل بینکوں میں 5 ارب ڈالر کم ہوئے، ڈالر سستا ہوگیا لیکن غریب مر گیا، آٹا 100 روپے کلو ہو گیا، لوگ خودکشیاں کررہے ہیں، میرے حلقے میں گزشتہ روز 77 ڈکیتی کی وارداتیں ہوئیں، ملک کو تباہی کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ نیب کے قانون میں ترامیم اپنی ذات کے لیے کی گئیں، نیب میں ترامیم 1100 ارب ڈالر کے لیے کی گئیں۔ رانا ثنااللہ حکومت کو تباہ کر دیں گے، شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کے ساتھ ظلم ہوا، 25 جولائی کو رینجرز نے پولیس کے ساتھ مل کر زیادتی کی، جنرل افتخار اس کا نوٹس لیں۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ اسد عمر نے میرا مذاق اڑایا اور کہا گیا کہ گیٹ نمبر 4، میں نے کہا کہ بہت عرصہ سے نہیں گیا راستہ یاد نہیں، عدم اعتماد سے ایک ماہ پہلے سے میرا اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ نہیں، کبھی نہیں چاہتا عدلیہ اور اداروں کو نقصان ہو یہ ہماری طاقت ہے، ادارے اور عدلیہ ہماری قوت ہیں، انہیں متنازع نہیں بنانا چاہیے، ہمیں چاہیے کہ اپنے گندے کپڑے گھروں میں دھو لیں۔شیخ رشید نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کو برطانیہ میں سلامی پر فخر ہے، چیف آف آرمی سٹاف لندن میں ہیں تو ہماری عزت ہے، آرمی چیف کو لندن میں سلامی مل رہی ہے تو ہماری عزت ہے۔

سربراہ عوامی لیگ نے کہا کہ 8، 9 سال سے جھوٹ بولنا چھوڑ دیا ہے، لیکن لگتا ہے اس ملک میں جھوٹ بکتا ہے، جو کچھ بھی دکھایا جا رہا ہے اس سے حکمرانوں کو نقصان پہنچ رہا ہے، اکتوبر نومبر تک انتخابات کے دعوے پر قائم ہوں۔شیخ رشید نے کہا کہ میری وزارت داخلہ میں ایک بندے پر بھی مقدمہ کٹے تو میں حاضر ہوں، میں وزیر داخلہ تھا تب تک کے مذاکرات سے واقف ہوں، کوئی ان کو سیلوٹ کرنا نہیں چاہتا، ان کو میری سیاست سے خوف ہے، میرے اوپر پندرہ مقدمات ہیں جن کا متن ایک سا ہے، میں اللہ کو راضی کر رہا ہوں، عمران کے ساتھ ہوں۔

 شیخ رشید احمد نے  ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ تنقید اورتضحیک دو مختلف چیزیں ہیں،عدلیہ اوراداروں کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے۔پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ غربت اور مہنگائی ہے ،ملک سیاسی تصادم کی طرف بڑھ رہا ہے انتقام کی سیاست اپنے انجام کو پہنچے گی جس سے سب لپیٹ میں آئیں گے،اس سے بچیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکمرانوں نے اخراجات کم کرنے کی بجائے 62 وزرا ء  لگائے جن میں 17 بے محکمہ ہیں۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے فارن ریزرو 7 ارب پر چلے گئے ہیں اور کمرشل بینکوں میں 4 ارب ڈالر کم ہوگئے ہیں جو تشویش ناک ہے۔100 روپے کلو آٹا،دوائیاں نایاب اور بجلی کا بل دے نہیں سکتے۔