جماعت اسلامی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف کل سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں درجن بھر ٹیکسز کی شمولیت اور آئی ایم ایف کے حکم پر ٹیرف میں غیر معمولی اضافہ کے خلاف جماعت اسلامی جمعہ (12اگست )سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی۔ لاہور، راولپنڈی، پشاور، کراچی، کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔

جمعرات کو منصورہ سے جاری بیان میں سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے کہا کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی تحریک کا مرکزی جلسہ پشاور قصہ خوانی بازار میں ہو گا ۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق جلسہ خطاب کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ احتجاجی تحریک کے سلسلے میں 15اگست کو اسلام آباد جب کہ 17اگست کو لاہور میں لیسکو ہیڈکوارٹر کے سامنے بڑے احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

قیصر شریف نے کہا کہ حکمران عوام سے بجلی کی اصل قیمت وصول کریں نہ کہ چارہزار کے بل پر آٹھ ہزار ٹیکسز کی مد میں بھیج دیے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ صارفین بجلی کے بلوں کی صورت میں تاوان بھرنے کو تیار نہیں۔ انھوں نے کہا کہ بلوںمیں ٹیکسز ختم نہ ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔