سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی گھناؤنی مہم میں ملوث اندرونی و بیرونی عناصر کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں خدمت خلق میں مصروف آرمی آفیسر کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت کے واقعہ کو غلط رنگ دینا، شہداء کے حوالے سے ملکی مفاد کے منافی بیان بازی اور سوشل میڈیا مہم میں شامل اندرونی و بیرونی عناصر کے خلاف تحقیقات کرتے ہوئے سازش میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لانی چاہیے۔ شہدا کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والے دشمنوں کا کام آسان کر رہے ہیں۔ اس قسم کی گھناؤنی سازش کے پیچھے ملوث اصل ذمہ داران کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے پر بننے والی جے آئی ٹی کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ شہداء کے خلاف مہم ہندوستان سمیت دیگر ممالک سے چلائی گئی جس میں کل 774اکائونٹس استعمال ہوئے۔ اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش بے نقاب ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت سنگین قسم کے خطرات میں گھرا ہوا ہے۔ ملک کے اندر اور باہرسازشوں کا ایک سلسلہ جاری ہے۔ اگر افہام و تفہیم سے کام نہ لیا گیا تو نتائج خطرناک بھی ہوسکتے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک و قوم کے لیے سوچنا ہوگا۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ امیر جماعت سراج الحق نے قومی ڈائیلاگ کی بات کی تھی ۔ ہم سمجھتے ہیں تمام اسٹیک ہولڈر کو قومی ڈائیلاگ کی طرف آناچاہیے۔ ریاستی اداروں کو کمزور کرنے کی اجازت کسی کو بھی نہیں جاسکتی۔