شہباز گل کے معاون اظہار کی اہلیہ کے غیرقانونی اغوا کی مذمت کرتا ہوں،عمران خان


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رات گئے عماد یوسف کو اٹھائے جانے کے بعد شہباز گل کے معاون اظہار کی اہلیہ، جنہیں اب خواتین کے تھانے میں قیدکیاگیاہے، کے سفاکانہ اور غیرقانونی اغوا کی شدیدمذمت کرتاہوں۔ میں اپنی قانونی برادری سے پوچھناچاہتاہوں کہ کیا بنیادی حقوق اب باقی نہیں رہے؟

ان خیالات کااظہار عمران خان نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں عبرتناک انجام سے دوچار ہونے کے بعد بیرونی آشیرباد سے تبدیلی حکومت کے منصوبے کے تحت مسلط کردہ مجرموں کی امپورٹڈسرکار میڈیا اور عوام کو دہشت زدہ کرنے کے لئے خوف(کا ہتھیار)بروئے کارلارہی ہے۔مگرکامیاب یہ ملک کوعدمِ استحکام سے دوچار کرنے میں رہی ہے۔واحدحل آزادانہ اورشفاف انتخابات ہی ہیں۔