حکومت بارش متاثرین کی امداد وبحالی کے لیے فوری اقدامات کرے۔الخدمت فاؤنڈیشن بلاتفریق اور انسانیت کی خدمت پریقین رکھتی ہے، محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و الخدمت فاؤنڈیشن کے سرپرست محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ حالیہ بارشوں نے سندھ بلوچستان سمیت پورے ملک میں بڑی تباہی مچادی ہے۔اس وقت بلوچستان سب سے زیادہ متاثرہے ۔حکومت بارش متاثرین کی امداد وبحالی کے لیے فوری اقدامات کرے۔الخدمت بلاتفریق اور انسانیت کی خدمت پریقین رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں الخدمت کے تحت بلوچستان کے بارش متاثرین کے لیے امدادی سامان روانگی کے دوران کیا۔ جس میں راشن بیگز ویگرامدادی سامان شامل تھا۔ الخدمت سندھ کے ڈزاسٹر مینجمنٹ کے ڈائریکٹ خیرمحمد تنیونے صوبائی امیر کوبریفننگ دی جبکہ صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ چنا اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر ساتھ موجود تھے۔

صوبائی امیر کاکہنا تھاکہ بارش اللہ کی رحمت ہوتی ہے مگر حکومتی بے حسی اورانتظامی غفلت کی وجہ سے یہ زحمت بنادی جاتی ہے۔جس کی وجہ سے لوگ اپنے پیاروں ،فصلوں ودیگرقیمتی املاک سے محروم ہوجاتے ہیں۔ الخدمت حسب حال پورے ملک میں بارش و سیلاب متاثرین کی مدد کررہی ہے مگر اصل کام حکومتوں کا ہے جو بظاہر اپنی ذمے داریوں سے غافل نظر آرہی ہے ۔ حکومتی ٹولہ فوٹو سیشن سے آگے بڑہ کربارش متاثرین کی امداد وبحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔