جماعت اسلامی سندھ کا نیب ترمیمی بل کی منظوری پراظہار تشویش


کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے قومی اسمبلی میں نیب ترمیمی بل2 کی منظوری پرتشویش کا اظہار اور 50کروڑ سے کم کرپشن کرنے والے کیخلاف کاروائی نہ کرنے والی قانون سازی کو ملک وقوم کے ساتھ مذاق قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ کیا قانون صرف غریب کیلئے ہے، جب ایک پاکستان ہے تو پھر قانون بھی غریب وامیر کیلئے ایک ہونا چاہئے۔

نیب زدہ لوگوں کا نیب قانون میں ترمیم سمجھ سے بالاتر ہے۔ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے ظلم وناانصافی ،کرپشن کے خاتمے اور عدل وانصاف کے قیام اور اسلامی وخوشحال پاکستان کیلئے جدوجہد جاری رکھی گی۔لوگ ووٹ کی طاقت سے اپنی اورملک کی تقدیربدل سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے ناظمین شعبہ جات کے اجلاس سے خصوصی خطاب کے دوران کیا۔

صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے ناظمین نے اپنی ششماہی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔صوبائی امیر نے مزید کہا کہ شعبہ جات کسی بھی تنظیم میں بڑی اہمیت رکھتے ہیں، شعبہ جات کی بہتر کارکردگی سے ہی مجموعی طور پر جماعت اسلامی سندھ کی کارکردگی نظر آئے گی،یہ جہد مسلسل کا کام ہے اس کے ذریعے ہی اسلامی انقلاب اور ملک میں حقیقی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔صوبائی امیر نے ناظمین شعبہ جات پر زور دیا کہ وہ کارکردگی کو بہتر بنائیں یہ بڑی ذمہ داری ہے اسلئے اس کو ہر کام پر ترجیح اول بنائیں۔

آخر میں نائب صوبائی امیر ممتاز حسین سہتو کے والد کی وفات پر درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ دریں اثناء صوبائی امیر نے امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید اور لیاری کے کارکنان پر جھوٹے مقدمات اور پولیس کی جانب سے کارکنان کو اٹھاکر تشدد کرنے والے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جھوٹے مقدمات ختم اور حکومتی جماعت کے ایماپر کارکنان پر پولیس تشدد کے واقعات کی تحقیقات کرکے ملوث اہلکاروں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے۔