پیشگوئی ہے کہ سندھ میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا،شیری رحمان


کراچی(صباح نیوز)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیشگوئی ہے کہ سندھ میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ،متاثرین میں چیکس تقسیم کیے ،مزید بھی کریں گے۔حکومتی ٹیم آج دادو اور قمبر شہداد کوٹ جائے گی۔

وفاقی وزیر شیری رحمان نے کمشنر آفس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے، سیلاب سے سندھ بہت متاثر ہوا ہے، بلوچستان بھی بہت متاثر ہوا ہے، کراچی میں 47 ہلاکتیں حالیہ بارشوں سے ہوئی ہیں۔ بارشوں سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے چیکس دیئے ہیں، مزید متاثرہ علاقوں کے افراد سے متعلق پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے فہرست دے گی انکو چیکس دیں گے، سروے پہلے کراچی سے شروع کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہو رہا ہے، حکومتی ٹیم آج بروز جمعرات دادو اور قمبر شہداد کوٹ جائے گی اور سروے کرے گی، ٹھٹہ، بدین، سجاول گئے وہاں بھی بہت نقصان ہوا ہے، بارشوں سے مویشی، فصلوں اور گھروں کو نقصان پہنچا ہے، پیشگوئی ہے کہ سندھ میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

شیری رحمان نے کہا کہ کمشنرز اور ڈی سیز کی ذمہ داری ہے کہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے انتظامات کریں، ڈیمز، پل اور گھر تباہ ہوئے ہیں، بارشوں سے سندھ میں 9 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئی ہیں، سندھ میں حالیہ بارشوں سے 18 ہزار گھر تباہ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت  پر متاثر ہونے والے گھروں کے مالکان کو معاوضہ دیا جائے گا، کمیٹی اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو جمع کروائے گی، کراچی میں 600 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، حیدر آباد اور دیگر شہروں میں 500 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں نے عوام کے دکھ کو دگنا کردیا ہے، پکے گھروں کے لئے 4 لاکھ اور کچے گھروں کے لئے 2 سے ڈھائی لاکھ کی امداد کی جائے گی، سندھ میں اس سال اب تک 500 فیصد سے زیادہ بارش ہوئی ہے، 2025 تک پاکستان کو پانی کی شدید قلت ہوگی۔وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے مزید کہا کہ سندھ میں کپاس، گنے، کیلے، کھجور سمیت دیگر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔