کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے لسبیلہ کے قریب حادثے کا شکار ہونے والے آرمی ہیلی کاپٹر کے نتیجے میں پاک فوج کے افسران کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف ستی اور انجینئرنگ کور کے بریگیڈیئر محمد خالد کے علاوہ عملے کے تین ارکان بشمول پائلٹ میجر سعید احمد، پائلٹ میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض کی شہادت پر گھرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداکی مغفرت،درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
اپنے بیان میں صوبائی امیر نے کہا کہ اس حادثے پر پوری قوم کے دل رنجیدہ اور زخمی ہیں،بہادر افسران اور جوان پاک وطن اور پوری قوم کا سرمایہ افتخار ہیں جو آخری لمحے تک قوم کی بہتری،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنے تکلیف زدہ بھائییوں کی خدمت پر مامور تھے اس دوران ان کے ہیلی کاپٹر کا حادثہ بہت بڑا المیہ ہے شہداکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جماعت اسلامی کو اپنے بہادروں پر فخر ہے اور ہم ان کے خاندانوں کے دکھ کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔