نوشہروفیروز(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون کی بارشوں کے بعد کراچی سمیت سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہر تالاب کا منظر پیش کررہے ہیں، ہر طرف مچھرمکھیوں کی بھرمار،گیسٹروں ،ڈائریا،ملیریا سمیت مختلف وبائی بیماریوں کی وجہ سے ہزاروں بچے،خواتین اور نوجوان ہسپتالوں میں داخل ہوچکے ہیں، سڑکوں کی خستہ حالی،انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے لیکن سندھ کے حکمران اقتدار کے نشے میں مست اور اپنے اقتدار کو طول دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں،عوام بھوک، بدحالی،مہنگائی،بیروزگاری،لوڈشیڈنگ سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے دووقت کی روٹی کیلئے پریشان جبکہ حکمران اور مخصوص اشرافیہ کی دولت میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، ملک اور عوام کے تمام تر مسائل کا حل فقط جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کے پاس ہے،سندھ کے عوام بار بار آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ آزمانے کی بجائے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے اور آئندہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی کے باصلاحیت،بااخلاق اور نیک لوگوں کو منتخب کرکے اپنی اور اپنے آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی نوشہروفیروز کے تحت محراب پور میںمنعقدہ اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں سیاسی،سماجی امور کے علاوہ بلدیاتی الیکشن کی صورتحال کا جائزہ اور مستقبل کے لیے ہدایات جاری کیں۔صوبائی امیر نے مزید کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتظامیہ مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ، بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں پیپلزپارٹی نے دھونس،دھاندلی،انتظامیہ اور الیکشن کمیشن سندھ کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا اور من پسند نتائج حاصل کئے جبکہ دوسرے مرحلے میں کراچی سمیت مختلف اضلاع میں اپنی واضح شکست کو دیکھتے ہوئے الیکشن سے راہ فرار اختیار کی ہے،کراچی میں سید عبدالرشید اور جماعت اسلامی کے کارکنان پر حملہ کھلی دہشتگردی ہے ،
وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ برابر ہے،عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ عوام کو پہنچایا جائے،موجودہ حکمرانوں کی ترجیح عوام کو مہنگائی سے نجات دینا نہیں بلکہ اپنے مقدمات کا خاتمہ اور اگلے الیکشن کیلئے جوڑ توڑ ہے ۔صوبائی امیر نے گزشتہ دنوں پریس سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع نوشہرو فیروز ندیم احمد غوری سے ہونے والی رہزنی کی شدید مذمت کی اور اعلی حکام سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا اجلاس میں امیر جماعت اسلامی ضلع نوشہرو فیروز ایڈووکیٹ محمد شبیر خانزادہ ، ندیم کمبوہ سمیت ناظم اسلامی جمعیت طلبہ ضلع نوشہرو فیروز دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔