اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کو جدید رحجانات و تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے،احسن اقبال


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر احسن اقبال نے چیئرمین ایچ ای سی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کو جدید رحجانات و تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیساتھ ساتھ جامعات کے نصاب کو جاب مارکیٹ سے ہم آہنگ کیا جائے۔

یہ بات انھوں نے  ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نئے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال  کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کو جدید رحجانات اور تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور بیرون ملک وظائف کے لئے ترجیحی شعبوں اور بہترین یونیورسٹیز کا انتخاب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جامعات  کے اکیڈمک اور کارکردگی آڈٹ کے نظام کے ذریعے مسابقتی عمل مرتب کیا جائے۔ پاکستان امریکہ نالج راہداری منصوبہ سے استفادہ  کرنے کے لئے امیدواروں کا انتخاب کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ معاشی بحران کے باوجود ایچ ای سی کے لئے وافر فنڈز فراہم کئے گئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ڈاکٹر اے کیو خان میٹلرجی انسٹیٹیوٹ کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے ڈاکٹر مختار احمد کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی ہے۔