کراچی(صباح نیوز)ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں صبح سویرے بارش ہوئی ۔ کراچی میں سرجانی ٹائون، نارتھ کراچی، نیو کراچی، یوپی موڑ، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لسبیلہ چوک، گارڈن، گرومند، نمائش چورنگی، صدر، برنس روڈ، آئی آئی چند ریگر روڈ، لانڈھی، کورنگی، ملیر سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ سوبھراج ہسپتا ل کے اطراف بارشوں کے بعد کیچڑ اور گندا پانی موجود ہے۔ سوبھراج ہسپتال آنے والے مریضوں، ڈاکٹروں اور عملے کو کیچڑ سے گزرنا پڑ ا، نارتھ ناظم آباد میں سخی حسن چورنگی، فائیو اسٹار چورنگی اور کے ڈی اے چورنگی پر موجود پلوں پر چڑھنے اور اترنے والے راستے میں پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے ٹریفک کو دشواری کا سامنا ررہا۔
لاہورمیں کہیں ہلکی کہیں تیزبارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ۔ شہر میں باٹا پور،مناواں ،مال روڈ ،کینال روڈ ،ایبٹ روڈ ،گڑھی شاہو ،شملہ پہاڑی کے علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ اندرون لاہور،شادباغ، کینال بینک سکیم، ہربنس پورہ، داروغہ والا میں ہلکی بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ،سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔
شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،اس کے علاوہ جہلم، حافظ آباد، شمالی وزیرستان،زیریں سندھ اور آزادکشمیرمیں بھی بارش ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے موسم کی موجودہ صورت حال ہفتہ بھر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔