سینئر حریت رہنما فریدہ بہن جی کا یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت اور سلامتی بارے رپورٹوں پر اظہار تشویش


سرینگر (صباح نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء  اور ماس موومنٹ کی چیئرپرسن فریدہ بہن جی نے بھارت کے بد نام تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پرنظربند جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت اورسلامتی سے متعلق میڈیا رپورٹس پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے  اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زوردیا ہے کہ وہ یاسین ملک سمیت نظربند کشمیر ی قیادت کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں اوران کی رہائی میں اپنا کردار ادا کریں ،تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال کی وجہ سے یاسین ملک کو طبیعت خراب ہونے پر دہلی کے ایک ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔

فریدہ بہن جی نے  سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری رہنماء یاسین ملک پہلے ہی بھارتی ظلم وتشدد سے مختلف بیماریوں میںمبتلا ہیں ، رپورٹوں کے مطابق یاسین ملک نے بھارتی ڈاکٹروں سے طبی مدد لینے سے انکار کر دیا،۔کشمیری رہنما کو انجیکشن اور ڈرپس کے ذریعے توانائی فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ان کی حالت تشویشناک ہے اور اعلاج کی سہولیت نہ ہونے کی وجہ سے یاسین ملک کی جان کو خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا اذیتوں اور مناسب طبی سہولیات کی عدم فراہمی سے یاسین ملک کی صحت انتہائی گرچکی ہے۔ دنیا بھر کے کشمیریوں کو شدیدخدشہ ہے کہ بھارتی حکام تمام مزاحمتی رہنماوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو مسلسل نظر بند اور طبی و دیگر بنیادی سہولیات سے محروم رکھ کر آہستہ آہستہ موت کے منہ میں دھکیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ کشمیری خاتون رہنماء نے کہاکہ کشمیری سیاسی نظربندوں کو ان کے سیاسی موقف کی وجہ سے بدترین انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ،

سینئر حریت رہنما نے کہا کہ یاسین ملک کا قصور یہ ہے کہ وہ پرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اور اپنے خلاف بھارت کی جانب سے جعلی مقدمات میں فری ٹرائیل کا مطالبہ کررہے ہیں ، فریدہ بہن جی نے اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وتشد د اور قتل عام کا نوٹس لے ،

انہوں نے حریت رہنمائوں،کشمیری نوجوانوں اور کارکنوں سمیت تمام سیاسی نظربندوں کی فوری رہائی کا اپنا مطالبہ دوہراتے ہوئے یاسین ملک کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا انہوں نے مودی سرکار کو خبر دار کیا کہ دوران حراست یاسین ملک یا کشمیری قیادت کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو ا س کی زمہ دار بھارتی حکومت ہوگی جس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں،