اسلام آباد(صباح نیوز)جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے اسیر چیرمین محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ ا قوام متحدہ کی غفلت سے یاسین ملک کی جان کو خطرہ ہے، اقوام متحدہ کے ادارے یاسین ملک کی موت کا انتظار کرنے کی بجائے ان کی رہائی کو یقینی بنائیں ،
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ دنیا جاگ جائے اس سے پہلے کہ ہم انتہائی اہم اور پرامن کشمیری رہنما کھو دیں، یاسین ملک کو انتہائی تشویشناک حالت میں دہلی کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک نے بھارتی ڈاکٹروں سے طبی مدد لینے سے انکار کر دیا، اقوام متحدہ کے ادارے یاسین ملک کی موت کا انتظار کرنے کی بجائے ان کی رہائی کو یقینی بنائیں، اقوام متحدہ کی غفلت سے یاسین ملک کی جان کو خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی قید میں بند کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے اہم پرامن رہنما کے کھو جانے کا خدشہ ہے دنیاجاگ جائے اس سے پہلے ہم پرامن کشمیری رہنما کھو دیں۔کشمیری رہنما کو انجیکشن اور ڈرپس کے ذریعے توانائی فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تہاڑ جیل میں قید حریت رہنما یاسین ملک ربیعہ قتل کیس میں عدالت میں پیش نہ کیے جانے کے خلاف احتجاجا بھوک ہڑتال پر ہیں۔یاسین ملک کا مطالبہ ہے کہ ربیعہ سعید قتل کیس کے مقدمے میں انھیں عدالت میں خود دلائل پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔