واشنگٹن(صباح نیوز)ورلڈ کشمیر ایویئرنیس فورم نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت کی خبروں نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں ان کے خیر خواہوں کو فکر و تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
فورم نے یاسین ملک کی جیل میں بھوک ہڑتال کے دوران ہسپتال منتقلی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ اذیتوں اور مناسب طبی سہولیات کی عدم فراہمی سے یاسین ملک کی صحت انتہائی گرچکی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ دنیا بھر کے کشمیریوں کو شدیدخدشہ ہے کہ بھارتی حکام تمام مزاحمتی رہنماں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو مسلسل نظر بند اور طبی و دیگر بنیادی سہولیات سے محروم رکھ کر آہستہ آہستہ موت کے منہ میں دھکیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور عالمی ادارے کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ یاسین ملک سمیت دیگر اسیر کشمیری رہنماوں کے ساتھ بھارتی جیلوںمیں ہونے والے نارواسلوک کا نوٹس لیں اور انکی رہائی کیلئے بھارت پر دبا وڈالیں۔ یاسین ملک 22جولائی سے غیر معینہ مدت کیلئے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ ہفتے کے روز تہاڑ جیل میں ان کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں دہلی کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔