ملک خسارے میں ہے ، چند خاندان فائدے میں ہیں،سراج الحق


کراچی( صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملکی وسائل ملک پر خرچ ہونے کی بجائے چند لوگوں کی ذات پر خرچ ہورہے ہیں،ملک خسارے میں ہے اور چند خاندان فائدے میں ہیں، اب اس ملک کو کرپٹ لوگوں سے نجات اور ترقی کی طرف لیکر جانا ہے،آپ نے جن نمائندوں کو بلدیاتی انتخابات میں نامزد کیا ہے ان کو کامیاب کروائیں،میں آپ کو شاباش دیتا ہوں ان شاء اللہ مستقبل آپ کا اور اس ملک میں اسلامی نظام کا ہے۔یوسی راجو نظامانی کے کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے بڑے جوش اور جذبے کے ساتھ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اس فیصلے کے فوائد عوام کے ساتھ جماعت اسلامی کو بھی ملیں گے،ہم الیکشن میں اس لئے حصہ لے رہے ہیں عوام کو ایک دیانتدار قیادت اور امانتیں دیانتدار لوگوں کے ہاتھ سے عوام پر خرچ ہوں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوسی راجو نظامانی کے بلدیاتی پینل کی ٹیم کے ارکان اعجاز نظامانی، عامر شیخ منصوری،اکرم نظامانی،وسیم نظامانی،غلام یاسین سموں،عبدالقادر نظامانی، لکھو ٹھاکر،الخدمت کے رضاکاروں اور جے آئی یوتھ کے رہنماء خبیب میر نظامانی،فاروق نظامانی،عبدالوحید نظامانی ودیگر سے وڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ مون سون کی طوفانی بارشوں نے کراچی سمیت سندھ بھر کے شہروں اور دیہات میں تباہی مچاکر رکھ دی، شہروں اور دیہات میں ابھی تک بارش کا پانی کھڑا ہوا ہے جبکہ بازاریں کیچڑ سے بھر گئی ہیں ،سندھ حکومت اور بلدیاتی ادارے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوچکی ہیں ایسے میں جماعت اسلامی ٹنڈومحمد خان اور راجو نظامانی کے جوانوں کا جذبہ قابل تحسین ہے جنہوں نے دن رات ایک کرکے اپنے علاقے سے بارش کے پانی کے نکاس،گندگی کو اٹھانے اور راستوں کی صفائی کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت راجو نظامانی کو صاف کرکے لوگوں کے دل جیت لئے ہیں، ایسے جوان جماعت اسلامی کا اصل سرمایہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پندرہ سالوں سے پیپلزپارٹی سندھ کے سیاہ سفید کی مالک ہے لیکن عوام کے بنیادی مسائل بھی حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں، جماعت اسلامی کے کارکنان اختیار اور اقتدار کے سوا بھی عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں راجو نظامانی میں پیپلزپارٹی کے سابقہ بلدیاتی نمائندوں نے نکاسی آب،شہر کی صفائی کیلئے کچھ بھی نہیں کیا ،حالیہ بارشوں سے یہ گائوں ہر طرف سے پانی کی لپیٹ میں آچکا تھا جبکہ گلیاں اور محلے کیچڑ سے بھرگئے تھے، کاروبار متاثر اور لوگ گندگی کی وجہ سے شدیدآزمائش کا شکار تھے ایسی حالت میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے شہر کو صاف کرنے اور لوگوں کی مدد کرنے کا تہیہ کیا اور اس پر عمل کرکے دکھایا،دن رات کی محنت سے ٹریکٹرٹرالیوں میں کچرا اٹھایا گیا، گلیوں کی صفائی کی گئی اس کام میں نہ صرف جماعت کے کارکنان بلکہ مقامی ذمہ داران نے خود گٹروں کی صفائی اور گندگی کی صفائی کی جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

دریں اثناء جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے بھی راجو نظامانی کے کارکنان کی ہمت اور محنت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں سلام پیش کیا ہے۔