برسلز:کشمیر کونسل ای یو کے چیرمین علی رضا سید نے بھوک ہڑتال کے باعث محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
علی رضا سید نے برسلز سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہاکہ یاسین ملک کے مطالبات جائز اور قانونی ہیں۔ انہیں عدالت میں جانے کا حق دیا جائے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ یاسین ملک کو پہلے ہی صحت کے کئی دوسرے مسائل کا سامنا ہے اور بھوک ہڑتال کی وجہ سے ان کی صحت مزید بگڑ گئی ہے۔ بھارتی حکومت نے انہیں بھوک ہڑتال جیسے حتمی اقدام کرنے پر مجبور کیا ہے۔
علی رضا سید نے شبیر احمد شاہ سمیت کئی دیگر کشمیری رہنماوں کی جیل میں مشکلات پر بھی تشویش ظاہر کی ہے اور تمام کشمیری قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری رہنما بھارتی جیلوں میں سخت مشکلات ک سامنا کررہے ہیں اور حتی وہ جیلوں میں بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم ہیں۔
علی رضا سید نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے مسائل کو عالمی سطح پر اٹھایاجائے اور خاص طور پر یاسین ملک سمیت کشمیری رہنماوں کو جیلوں میں درپیش مشکلات کا فوری نوٹس لیاجائے۔
علی رضا سید نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دبا ڈالیں تاکہ وہ یاسین ملک اور شبیراحمد شاہ، خرم پرویز اور احسن انتو سمیت بھارتی جیلوں میں قید تمام کشمیری رہنماوں اور انسانی حقوق کے مدافعین کو فوری طور پر رہا کرے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر عالمی برادری کی فوری مداخلت ضروری ہے۔ خاص طورپر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے انسانی ہمدردی رکھنے والی اقوام عالم مداخلت کریں
علی رضا سید نے اعلان کیا کہ کشمیرکونسل ای یو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر یورپ میں اپنی آواز اٹھاتی رہے گی۔