اسلام آباد(صباح نیوز) آزادی کشمیر کے ہیرو پہلے نشان حیدر کیپٹن راجہ محمد سرور شہیدکی شہادت کی 74ویں برسی پر وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے انہیں سرکاری طور پر کشمیر کا ہیرو قرار دینے کے بعد 27 جولائی 2022 کو افواج پاکستان کے دستے کے ساتھ ساتھ اس سال وزیراعظم آزاد کشمیر کی خصوصی ہدایت پر کشمیر پولیس کے دستے اور وزرا حکومت خواجہ فاروق احمد،چوہدری اکبر ابراہیم، نثار انصرابدالی،معاون خصوصی راجہ سبیل اور دیگر نے حکومت آزاد کشمیر اور سردار تنویر الیاس خان کی جانب سے ان کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کشمیر میں شہید ہونے اور نشان حیدر پانے والے اس عظیم سپاہی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے حکومت آزادکشمیر نے شرکت کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس ضمن میں اعلان کیا ہے کہ یہ حاضری اب ہر سال ہوا کرے گی اور اس کے علاوہ چکوٹھی سیکٹر میں بھی ان کی جائے شہادت کے زون میں انکی یادگار پر پولیس گارڈ سلامی دیا کرے گی۔
افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اور اپنے شہدا سے اظہار عقیدت کے لئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی جانب سے کی جانے والی تمام کارروائیوں کو عوام میں بالعموم اور افواج پاکستان میں بالخصوص بہت پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
کشمیر میں نشان حیدرکیپٹن راجہ محمد سرور شہید اور دیگر شہدائے کشمیر کے حوالے سے منعقدہ کی جانے والی تقریبات قومی جذبہ حب الوطنی، قربانی اور اتحاد کو اجاگر کرنے لئے ایک بہت خوش آئند اقدام ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنا اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے رہنا ان کی پالیسی کا حصہ ہے کیونکہ اقوام اپنے شہدا اور افواج کی طاقت سے ہی مضبوط اور مستحکم ہوتی ہیں اور اس سے افواج پاکستان کا مورال بھی بلند ہوتا ہے۔
انہوں نے اس عہد کا بھی اظہار کیا کہ آئندہ بھی وہ اور پوری کشمیری قوم اپنے دفاع وطن کے لئے مورچوں میں ڈٹے ہوئے ہر سپاہی کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ ان سے ملاقات کے لئے بھی جایا کریں گے۔
انہوں آخر میں پوری قوم پر زور دیا کہ اپنے شہدا کی عظیم الشان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کے مزارات پر اور یادگاروں پر لازمی جایا کریں اور ان کی قربانیوں کو یاد رکھیں۔ زندہ اقوام اپنے ہیروز کو زندہ رکھتی ہیں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ترقی اور استحکام کی جانب بڑھتی ہیں۔