کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور اس کی انتظامیہ کی نا اہلی و ناقص کارکردگی نے لیاری کے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے انہیں شدید مشکلات و پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے جس کے باعث اہل لیاری سڑکوں پر دھرنا دینے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ ہم لیاری کے عوام کو پیغام دیتے ہیں کہ جن لوگوں نے آپ کو اس حال میں پہنچایا ہے ان کو بھاگنے نہیں دیں اور جب بھی یہ بلدیاتی انتخابات کرائیں تو ترازو کو ووٹ دیں اور ان کو مسترد کر دیں ۔ جماعت اسلامی کے نمائندوں کو کامیاب بنائیں اور یہ ہی لیاری کے عوام کے حقیقی ترجمان اور نمائندے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت لیاری میں صفائی ستھرائی کے نا قص انتظامات اور سیوریج کے سنگین مسائل کے خلاف ماڑی پور روڈ پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ دھرنے میں لیاری کے مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اورسندھ حکومت ، کے ایم سی اور انتظامیہ کے خلاف بھر پور احتجاج کیا اور مسائل کے حل کا مطالبہ کرتے ہوئے پُر جوش نعرے لگائے ، اس موقع پر امیر ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید نے کہا کہ آج ہم پُر امن طور پر دھرنا ختم کر رہے ہیں لیکن اگر حکومت اور انتظامیہ نے مسائل حل نہ کیے تو پھر دوبارہ دھرنا دیں گے اور سڑک کو مکمل بلاک کر دیں گے ۔
بعد ازاں حافظ نعیم الرحمن نے مظاہرین کے ہمراہ لیاری کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ مسائل میں گھرے لیاری کے عوام سے ملاقاتیں کیں اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔ لوگوں نے جگہ جگہ حافظ نعیم الرحمن کا پُر جوش خیر مقدم کیااور پُر جوش نعرے لگائے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے کارکنان بھی بڑ ی تعداد میں موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ لیاری کے عوام گندگی ، گٹر کے پانی اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں اور مجبور ہو کر سڑکوں پر نکلے ہیں اور دھرنا دیا ہے ،
جماعت اسلامی لیاری کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے ، ہم کسی کو تکلیف اور پریشانی نہیں پہنچانا چاہتے لیکن جب لاکھوں لوگوں کو تکلیف میں مبتلا کیا جائے گا تو وہ چیخیں گے تو ضرور ، تکلیف اور پریشانی میں گھرے عوام سڑکوں پر نکل کر اگر احتجاج بھی نہیں کریں تو اور کیا کریں ، احتجاج عوام کا حق ہے ،اہل لیاری پیپلز پارٹی کی حکومت اور متعلقہ انتظامی اداروں کی نا اہلی و ناقص کارکردگی ضرور بے نقاب کریں گے ۔ہم پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سے سوال کرتے ہیں کہ آج لیاری کا اتنا برا حال کیوں ہے ، پورے شہر میں بارش سے جو سنگین صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کا ذمہ دارکون ہے ، 14سال میں کراچی کے ترقیاتی بجٹ کے 5ہزار ارب روپے آخر کہاں خرچ کیے گئے ، کراچی سے مینڈیٹ لینے والی پارٹیاں آج کہاں ہیں،
کیا کراچی کا مینڈیٹ صرف فروخت کرنے کے لیے رہ گیا ہے ، ہم ان سب کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اب کراچی کا مینڈیٹ بکے گا نہیں ۔ جماعت اسلامی کا میئر اور چیئر مین ہی شہر کی تمام یونین کونسلوں میں عوام کے مسائل حل کریں گے اور شہر کو ضرور بدل دیں گے ،لیاری کے عوام اور اہل کراچی کی قسمت میں صرف تباہی و بربادی نہیں ہے بلکہ اب تعمیر و ترقی کا نیا سفر شروع ہو گا ۔ لیاری کے نوجوان اور عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ خود کو تباہ و برباد کرنے والوں سے نجات حاصل کریں ،جماعت اسلامی نوجوانوں کے لیے تعلیم ، روزگار اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع اور سہولیات فراہم کرے گی ۔