بھارت کشمیرکے بارے میں اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کرے۔ محمود احمد ساغر


 اسلام آباد(صباح نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر اور پاکستان شاخ کنوینر محمود احمد ساغر نے  بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیرکے بارے میں اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیر حل کرے۔ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے تنازعہ کشمیر کی بنیادی حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

 ایک بیان میں انہوں نے  کہا ہے کہ قابض  بھارتی فوجیوں کے زیر سایہ سرینگر لال چوک میں تقریب کو جموں کشمیر کے عوام نے مسترد کر دیا ۔جس میں آرمی اور پولیس کے لوگ سول کپڑوں میں شامل تھے اور ہزاروں فوجیوں نے لال چوک کو گھیرے میں لے لیا تھا۔ دس لاکھ   بھارتی فوجیوں کی موجودگی  میں بھارت کچھ بھی کر سکتا ہے۔

انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیرکے بارے میں اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیر حل کرے۔ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے تنازعہ کشمیر کی بنیادی حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی فوجی کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لئے کشمیریوں کی نسل کشی کررہے ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی سامراجی فوجیوں کے پہرے کے باوجود حریت پسند قیادت اور عوام کا آزادی  کامشن غیر موثر نہیں ہوا۔  بھارت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت اور ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو خصوصی حراستی مراکز میں بند کر رکھا ہے جب کہ جموں کشمیر ایک انسانی جیل بن چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنی مرضی کے مطابق مستقبل کے فیصلے کا حق دیا جائے۔ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق  ہی مسئلے کا واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہو گا  انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لیں۔