اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ حکومت مختلف شعبہ جات کو جدید بنیادوں پر فعال بناکر عوام کو خود کفیل کرنے کے لئے تمام آپشنز زیر غور لا رہی ہے۔بجٹ میں پیداواری سیکٹر پر خصوصی فوکس کیا گیا ہے تاکہ ہماری پیداوار بڑھے،یہاں کی ضروریات مقامی سطح پر پوری ہوں اور ریاستی آمدن میں اضافہ ہو۔ آزاد کشمیر میں پہلی مرتبہ زرعی اور لائیو سٹاک گریجویٹس کو ماڈل فارمنگ کیلئے بنکوں سے قرضہ جات کے حصول میں معاونت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ان قرضوں کا مارک اپ حکومت آزاد کشمیر برداشت کرے گی تاکہ زرعی اور دیگر پیداوار میں اضافہ کے علاوہ خودروزگاری کے مواقع مہیا کئے جا سکیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اخوت کے اشتراک سے کم آمدن والے 30 ہزار افراد کو 1 ارب روپے کے بلاسود قرضہ جات فراہم کیے جائیں گے جس سے نہ صرف حکومتی خزانے پر سے ملازمتوں کا بوجھ کسی حد تک کم ہوگا بلکہ پرائیویٹ سیکٹرز میں روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ فی کس آمدنی میں اضافہ بھی ممکن ہو سکے گا۔سبزیوں،گوشت دودھ اور گندم کی ضرورت اپنی سطح پر پوری ہوگی تو ریاست کی آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ ہزاروں افراد کو انکی دہلیز پر روزگار میسر آئے گا اور ریاست سے غربت میں کمی آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو سات کروڑ دو لاکھ سے زائد کی سبسڈی دی جائے گی جس سے مزید1 ہزار تین سو عمدہ نسل کی گائیوں کی خرید ممکن ہو سکے گی تاکہ دودھ اور گوشت کی ضروریات مقامی سطح پر پوری ہوں۔ محکمہ لائیوسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ کے قائم تمام مرکزی وضلعی اورتحصیل سطح کے ویٹرنری ہسپتالوں میں مفت ویکسین کی سہولیات اور اس سلسلہ میں طلبا وطالبات کے تربیتی عمل کو بہتر بنانے کے لیے لیبارٹریز کے لیے ساز و سامان، فرنیچر ودیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ بیوہ عورتوں اور معذور افراد کیلئے پولٹری پروڈکشن پروگرام کو شرو ع کیا جائیگا۔ وزیراعظم نے کہاکہ بجٹ میں محکمہ برقیات کے لیے ایک ارب 10کروڑ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ آئندہ مالی سال کے دوران جاریہ منصوبہ جات پر عملدرآمد سے1141 ایچ۔ٹی پولز،3881 ایل۔ٹی پولز کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی اور 26 ہزار 5 سو نئے کنکشن فراہم کیے جائیں گے جس سے آزاد کشمیر کی01 لاکھ 26 ہزار بقیہ آبادی کو بجلی کی سہولت میسر ہو گی اور ریاستی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی سیکٹر میں پانچ سو ایکڑ ناقابل کاشت رقبہ کو قابل کاشت بنایا جائے گا۔
سراں پیر چناسی، بنجوسہ اور منگلا میں جنگلی حیات کے بریڈنگ سنٹر/چڑیا گھروں کی فعالیت اور پٹہکہ وائلڈ لائف پارک کی تعمیر نوکی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ہر وہ کام کریگی جس سے ریاست اور عوام کو فائدہ ہو۔ بیروزگاری کے خاتمے کے لیے فنی تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں جبکہ تمام اضلاع میں آئی ٹی سینٹرز اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ فنی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے خصوصی پلان مرتب کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیروزگاری کو کم کیا جا سکے۔ آزادکشمیر کی صنعت ترقی کریگی تو لوگوں کی آمدن بڑھے گی اور معاشرہ خوشحالی کی جانب گامزن ہوگا۔