مقبوضہ کشمیر کے ہر گھر سے بھارتی پرچم کے نام پر رقم کی وصولی شروع


 سری نگر(صباح نیوز) بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے ہر گھر سے بھارتی پرچم کے نام پر  رقم کی وصولی شروع کر دی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے ہر گھر پر بھارتی پرچم لہرانے کے پروگرام ( ہر گھر ترنگا’ )کے لیے ہر گھر سے بیس روپے  لینے کا حکم دیا ہے ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی دی گئی ہے۔

کے پی آئی  کے مطابق  سرکاری حکام لاوڈ اسپیکر کے زریعے جنو بی کشمیر میں اعلانات کر رہے ہیں ‘ہر گھر ترنگا’ کے لیے بیس روپئے ادا کر ے ں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ یاد رہے مقبوضہ جموں وکشمیر پرمسلط گورنر انتظامیہ نے حال ہی میںمقبوضہ  کشمیر کے تمام 20 اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو یہ حکم نامہ جاری کیا  تھا کہ وہ بھارت کی آزادی کے 75 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے منائے جانے والی  آزادی کا امرت مہا اتسو یا عظیم جشن کے موقعے پر اگست کے وسط میں ہر گھر پربھارتی جھنڈا لہرائے جانے کو یقینی بنائیں۔

انتظامیہ نے15 اگست کو بھارت کے یومِ آزادی اور رواں سال 26 جنوری کوبھارت کے نام نہاد یومِ جمہوریہ پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے تمام تعلیمی اور بلدیاتی اداروں کے ساتھ ساتھ دوسرے سرکاری دفاتر میں عملے کی طرف سے بھارتی جھنڈا لہرانے کی تقریب کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ایک نادرشاہی حکم نامہ جاری کیا گیا تھا۔

ادھر مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے حکومت کی ‘ہر گھر ترنگا’ لہرانے کی مہم کو لوگوں سے پیسہ وصولی کے اقدام سے تعبیر کرتے ہوئے شدید تنقید کی ہے۔ محبوبہ مفتی نے ٹویٹ میں  لکھا ہے کہ جس طرح سے جموں و کشمیر انتظامیہ طلبا، دکانداروں اور ملازمین کو قومی پرچم لہرانے کے لیے پیسے ادا کرنے پر مجبور کر رہی ہے اس سے لگتا ہے کہ جموں و کشمیر کسی دشمن کا علاقہ ہے اور اس پر قبضہ کرنے کی ضرورت ہے۔

محبوبہ مفتی نے مزید لکھا کہ ‘حب الوطنی فطری طور پر آتی ہے، اسے مسلط نہیں کیا جاسکتا۔ محبوبہ مفتی نے ایک ویڈیو  بھی شیئر کی ا ہے جس میں ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ میں میونسپل کمیٹی کے ملازمین ایک گاڑی سے لاڈ اسپیکر سے ذریعے دکانداروں کو کہہ رہے ہیں کہ وہ ‘ہر گھر ترنگا’ کے لیے بیس روپئے ادا کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے یوم آزادی کی تقاریب کے انعقاد کے لیے ‘ہر گھر ترنگا’ لہرانے کا حکمنامہ جاری کیا ہے جس میں عوام و دیگر عمارتوں پر ترنگا لہرانا ضروری ہے۔ اس ضمن میں محکمہ تعلیم نے سرکاری اسکولوں میں طلبا سے بیس روپے ادا کرنے کے لیے کہا گیا ہے تاکہ اس جمع رقم سے ترنگا پرچم خریدے جاسکیں۔