کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے بارش متاثرین کی امداد و بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں نے صوبائی حکومت کے کی کارکردگی اور بلدیاتی اداروں کی نااہلی کو بے نقاب کردیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اسلام کوٹ پہنچ کر بارش سے متاثرہ محلوں کا دورہ اور متاثرین سے ملاقات کے دوران کیا۔گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مسلسل بارش کے باعث اسلام کوٹ کے مختلف محلے پانی کی لپیٹ میں آگئے ہیں اور متعدد کچے مکانات بھی گر گئے ہیں۔
اسی موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار اور جماعت اسلامی کے مقامی رہنما بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ صوبائی امیر کا مزید کہنا تھاکہ بارش سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی فوری مدد کی ضرورت ہے،سندھ حکومت کو چاہئے کہ متاثرین کی فوری مدد کرے تاکہ گھروں میں موجود پانی کو نکالا جا سکے۔
انہوں نے کہا کے سندھ بھر میں بلدیاتی اداروں کی نااہلی کی وجہ سے بارش وہاں کے مکینوں کے لیئے امتحان بن چکی ہے جو سندھ حکومت کی نا اہلی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت متاثرین کی فوری بحالی کے لیئے ہر ممکن مدد کرے گی جس میں متاثرین کو خیموں کی فراہمی سمیت ممکنہ مدد کی جائے گی۔اسی موقع پر جماعت اسلامی تھرپاکر کے امیر عبدالسبحان سمیجو،میر محمد بلیدی،صدر الخدمت عبدالغنی بجیر اور دیگر ذمے داران بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سندھ نے کراچی تاء کشمور سندھ بارش کی وجہ سے گھروں فصلوں و ودیگر املاک کے نقصان پر دلی دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ بارش کے پانی کو کھروں محلوں بازاروں سے نکالنے، نقصان کا ازالہ اور امداد و بحالی کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں۔