سری نگر(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند وائس چیئرمین اور جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے صدرشبیر احمد شاہ نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ قابض بھارتی فورسزکی طرف سے کشمیریوں کے خلاف جاری جنگی جرائم کا موثر نوٹس لیں۔
انہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میںبھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کی خونریزی روکنے کے لیے اپناکردار ادا کرے۔ شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ کشمیری نوجوانوں کو بغیر کسی وجہ کے بھارتی فورسز کے ہاتھوں قتل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران پوری وادی میں بھارتی فوج اورپیراملٹری فورسز کی طرف سے جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران درجنوں شہریوں کوجن میں زیادہ تر نوجوان لڑکے تھے، جعلی مقابلوں میں شہیدکیاگیا۔نوجوانوں کے منظم قتل کو ریاستی دہشت گردی کی بدترین صورت قرار دیتے ہوئے شبیر شاہ نے کہا کہ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ خطے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے بھارت کے مذموم منصوبے کا حصہ ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے کشمیریوں کے خلاف بڑھتے ہوئے فوجی حملوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک بھارتی حکومت کو گھنائونے جنگی جرائم پر جوابدہ نہیں بنایاجاتا اس وقت تک خونریزی اور تشدد خطے میں تباہی مچاتا رہے گا۔ڈی ایف پی کے صدر نے کہا کہ ایک طرف بھارتی فورسز کشمیریوں کی منظم نسل کشی میں مصروف ہیں اوردوسری طرف مودی کی فسطائی حکومت پبلک سیفٹی ایکٹ، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون یواے پی اے اور دیگر کالے قوانین کی آڑ میں کشمیر میں اختلاف رائے کی ہر آواز کو خاموش کرانے کی سازشیں کر رہی ہے۔
شبیر شاہ نے کشمیریوں پر بھارت کے وحشیانہ مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کا ظلم وجبرکشمیریوں کو اپنے جائز حقوق کے حصول سے نہیں روک سکتا جس کی ضمانت انہیں عالمی برادری نے دے رکھی ہے۔ شبیر شاہ نے جو چھ سال سے تہاڑ جیل میں نظر بند ہیں، کشمیری رہنمائوں اور سیاسی کارکنوں کی غیر قانونی اور مسلسل نظربندی پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا جنہیں 5اگست 2019سے پہلے اور اس کے بعد گرفتار کیا گیا جب مودی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم اورعلاقے کا فوجی محاصرہ کیا تھا۔
انہوں نے جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کے مظالم کشمیریوں کو اپنے جائز حقوق حاصل کرنے سے نہیں روک سکتے۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ قابض بھارتی فورسزکی طرف سے کشمیریوں کے خلاف جاری جنگی جرائم کا موثر نوٹس لیں۔