کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش


کراچی (صباح نیوز) سندھ کے بیشتر شہروں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے سب سے بڑے شہرکراچی کے بعض علاقوں میں اتوار کی صبح سویرے تیز بارش ہوئی جبکہ مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

کراچی میں ملیر، ایئر پورٹ، شارعِ فیصل، یونیورسٹی روڈ، ثمن آباد، گلبرگ، سہراب گوٹھ، انچولی، شفیق موڑ، ناگن چورنگی، یوپی موڑ، نیو کراچی، نارتھ کراچی اور اولڈ سٹی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی جاری رہا۔سندھ کے دیگر شہروں میں تیز بارش سے شہری نظام درہم برہم ہو گیا، بجلی غائب ہو گئی اور سڑکیں زیرِ آب آ گئیں۔

حیدر آباد، سانگھڑ، تھر پارکر، میرپور خاص، ہالہ، نیو سعید آباد، ٹنڈو آدم، شہداد پور سمیت سندھ کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی جہاں کئی نشیبی علاقے زیرِ آب زیر آ گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ ٹنڈو آدم کے محمدی چوک، جمن شاہ، شاہی بازار میں بارش کا پانی جمع ہو گیا۔

شہداد پور کے علاقے جانی پورہ، سٹیشن روڈ اور سوائی روڈ پر گٹر ابل پڑے۔مٹیاری، ہالہ، نیو سعید آباد اور بھٹ شاہ میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔مارکیٹ چوک، درگاہ روڈ، تھلہ پاڑہ، باگڑی بازار میں بارش کا پانی جمع ہو گیا۔ٹنڈو محمد خان اور ڈگری میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔