جنیوا(صباح نیوز)عالمی ادارہ صحت نے 70سے زیادہ ممالک میں پھیلنے والی منکی پاکس کی وبا کوغیر معمولی صورت حال کے پیش نظرعالمی ایمرجنسی قراردے دیا ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے طبی ماہرین نے منکی پاکس کی وبا سے پیداہونے والی صورتحال پر غور کے بعد اسے عالمی ایمرجنسی قرار دیا ہے۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق منکی پاکس کی وبا ایک غیرمعمولی واقعہ ہے اور یہ مزید ممالک میں پھیل سکتی ہے۔اس سے نمٹنے کے لیے مربوط عالمی ردعمل کی ضرورت ہے۔
امریکا کے سنٹرفار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق مئی سے اب تک 74 ممالک میں منکی پاکس کے 16 ہزار سے زیادہ کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔البتہ اب تک صرف براعظم افریقا میں منکی پاکس سے اموات کی اطلاع ملی ہیں جہاں اس وائرس کی زیادہ خطرناک قسم پھیل رہی ہے۔
ڈبلیوایچ او کے منکی پاکس کے سرکردہ ماہر ڈاکٹر روزمنڈ لیوس کا کہنا تھاکہ افریقا کے علاوہ دوسرے ممالک میں منکی پاکس کے تمام متاثرہ کیسوں میں سے 99 فی صد مرد تھے اور ان میں 98 فی صد ہم جنس پرست مرد شامل تھے۔