چوہدری پرویز الہی ایک جہاندیدہ سیاستدان ہیں، ہمارے ارکان اسمبلی نامزد وزیر اعلی کا بھرپور ساتھ دیں گے،عمران خان


لاہور (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہی ایک جہاندیدہ سیاستدان ہیں، ہمارے ارکان اسمبلی نامزد وزیر اعلی کا بھرپور ساتھ دیں گے،عثمان بزدار کو مشکل وقت میں وزیر اعلی پنجاب بنایا تھا۔

لاہور میں پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ عثمان بزدار جب وزیر اعلی بنے تو پارٹی میں دھڑے بندی تھی، جتنا مشکل وقت عثمان بزدار نے گزارا خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عثمان بزدار نے مجھے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ جب آپ کہیں گے استعفی دے دوں گا۔

سابق وزیر اعظم نے اجلاس کے شرکا سے کہا کہ آپ لوگ قابلِ فخر ہیں جو تمام دھونس دھاندلی کے باوجود نہ جھکے، ہمارا مقصد وطن عزیز کو عظیم تر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے قیام کا مقصد ملک کو آزاد کرنا ہے، کوئی قوم آگے نہیں بڑھ سکتی جب تک خود کو کرپشن سے آزاد نہ کرے۔ اس سے قبل عمران خان کے زیر صدارت پی ٹی آئی اور ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا،  ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

اس موقع پر فواد چودھری نے دعوی کیاکہ اس وقت اجلاس میں 186 ارکان شامل ہیں۔ قبل ازیں سابق وفاقی وزیر مونس الہی نے کہا تھا کہ حکومتی گیم ختم ہوچکی ہے، ہمارے نمبرز مطلوبہ تعداد سے زیادہ ہیں، اب یہ لالچ دیں یا جو مرضی کرلیں فرق نہیں پڑتا، شہباز شریف کا جس ادارے یا شخصیت نے ساتھ دیا انہوں نے اس کا بیڑہ غرق کیا۔ تحریک انصاف کے رہنما احسن بریارنے  بھی دعوی کیا کہ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے 186 ارکان پورے کرلیے ہیں۔

احسن بریار نے کہا کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کو بڑا سرپرائز دے گی، جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے کئی اراکین غیر حاضر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نمبر پورے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کو اپنی فکر کرنی چاہیے کیونکہ لیگی اراکین اپنی پارٹی قیادت اور پالیسیوں سے شدید نالاں ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے ہوٹل پہنچ کر اراکین اسمبلی سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔واضح رہے کہ وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے لیے 22 جولائی کو انتخاب ہونا ہے، جس کے لیے مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں نے اپنے اراکین کو ہوٹل میں قیام کروایا ہے جبکہ پی ٹی آئی اور ق لیگ نے بھی اپنے اراکین کو ہوٹل کے قریب واقع ہوٹل میں ٹھہرایا ہے۔