اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور ترکیہ نے مختلف شعبوں میں خوشگوار دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔یہ اتفاق رائے بدھ کواسلام آباد میں وزیردفاع خواجہ محمد آصف اور ترکیہ کے سفیر کے درمیان ملاقات میںہوا۔ملاقات میں ابھرتی ہوئی علاقائی وعالمی صورتحال اور سلامتی، انسداد دہشتگردی اور خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے سے متعلق باہمی مفاہمت پر اطمینان ظاہر کیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ عقیدے، ثقافت، اقدار، تہذیب وتاریخی روابط اور باہمی اعتماد اور حمایت کی بنیاد پر مثالی خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔انہوں نے زور دیاکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کو اعلی سطح کی تذویراتی تعاون کونسل کے فورم کے تحت ادارہ جاتی بنیاد پر استوار کیا گیا ہے۔
وزیردفاع نے دفاعی صنعتی تعاون، تربیت، وفوو، کورسز اور مشترکہ مشقوں کے مسلسل تبادلے کے ذریعے پاکستان کی صلاحیتیں بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی روابط کو سراہا۔غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت خطے میں دیرپا امن کیلئے کشمیر کے مسئلے کا منصفانہ حل ناگزیر ہے