ہمارے ایم پی ایز کو 50 کروڑ تک کی پیشکش ہو رہی ہے،مراد راس کا دعویٰ


لاہور(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر مراد راس نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کی وزارت اعلی کے لیے ہمارے ایم پی ایز کو 50 کروڑ تک کی پیشکش ہو رہی ہے۔

لاہور کی سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما مراد راس کا کہنا تھا کہ دوبارہ پیسہ چل رہا ہے اور ہمارے ایم پی ایز کو 30 سے 50 کروڑ کی پیشکش ہو رہی ہے، یہ ہاری ہوئی پارٹی ہے، یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ حکومت بنا رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال نے کہا کہ الیکشن کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں لیکن پھر مویشی منڈی لگائی جا رہی ہے، عبرتناک شکست کے بعد بھی انہیں سمجھ نہیں آ رہی، یہ ضمیر فروزشی کر کے دوسروں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کر رہے۔

پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہم جنگ نہیں لگانا چاہتے، ہم 15 سیٹیں جیت چکے ہیں، لوگ بتا چکے وہ کس پارٹی کو چاہتے ہیں، یہ لوگ جمہوریت کے دشمن ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ رانا ثنااللہ دھمکیوں والا لہجہ سنبھالیں، سانحہ ماڈل ٹائون کا قتل عام بھی آپ نے کیا، لوٹوں کی سیاست ٹھیک ہوتی تو عوام آپ کو ووٹ دیتی۔

ان کا کہنا تھا کہ آواز خلق کو نقارہ خدا سمجھو، اگر وزارت اعلی کے الیکشن میں ضمیر فروشی ہوئی تو پی ٹی آئی آرام سے نہیں بیٹھے گی۔