اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے جمعرات سے ملک میں مزید مون سون بارشوں پر وفاق اور صوبائی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے عید تعطیلات کے دوران شاندار خدمات پر صوبائی حکومتوں، این ڈی ایم اے سمیت دیگر اداروں کے افسران و عملے کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد، تعاون ، اشتراک عمل اور عوام کی خدمت کا بے لوث جذبہ ہی ہماری قوت اورکامیابی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں عوام کے تحفظ کے اقدامات کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے وفاق کی طرف سے صوبائی حکومتوں اور اداروں کو مکمل معاونت فراہم کرنے پراین ڈی ایم اے کو شاباش دی، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اتحاد، تعاون ، اشتراک عمل اور عوام کی خدمت کا بے لوث جذبہ ہی ہماری قوت اورکامیابی ہے،
صوبائی حکومتوں اور اداروں کو بھی عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عوام کی خدمت کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، آپ کا جذبہ اور خدمات لائق تحسین ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے افسران اور عملے کے نام پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی کی مخلوق کی خدمت کا جذبہ ہی دراصل سب سے عظیم جذبہ ہے، عید کی تعطیلات میں عوامی خدمت کے شاندار جذبے کا آپ نے مظاہرہ کیا،پولیس سمیت میونسپل اور شہری انتظامات کے ذمہ دار تمام اداروں کی تحسین کرتا ہوں۔