کورونا کی بگڑتی صورتحال پر صوبوں کو ہدایت جاری کر دیں ، عبدالقادر پٹیل


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کی صورتحال بگڑتی ہوئی نظر آرہی ہے جس کی پیش نظر صوبوں کو ہدایات جاری کردی گئیں۔

وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے تمام صوبوں اور عوام کے لئے ایس او پیز جاری کردیئے گئے ہیں اور ماسک پہننے پر بھی پابندی عائد کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صوبوں میں کورونا کی صورتحال کو مانیٹر کیا جارہا ہے تاہم سب سے زیادہ کیسز کراچی شہر سے ریکارڈ کئے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کی صورتحال پر گزشتہ ہفتے ان کی متعلقہ حکام سے ملاقات بھی ہوئی ہے جس کی پیش نظر کورونا ٹیسٹ کی استعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے اور بوسٹر ڈوز مہم کو بھی 10لاکھ کی تعداد تک لے جانے کا ارادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاترکے لئے بھی ایس او پیز جاری کی گئی ہیں اور صوبوں کو ایمرجنسی صورتحال پر ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبائی صورتحال سے نمٹنے کے لئے این ڈی ایم اے سے رابطے میں ہیں تاہم اس سے فی الحال زیادہ ہلاکتیں دیکھنے میں نہیں آئیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے لوگ احتیاط کریں اور کوشش کریں عید کی چھٹیوں پر کم سے کم گھروں سے نکلیں، لوگوں میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے اور بازاروں میں خریداری کیلئے جائیں تو احتیاط کریں۔