ظالمانہ وجاگیردارانہ نظام کی تبدیلی کے بغیر ملک وقوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی،محمد حسین محنتی


کراچی (صباح نیوز)20نومبر 2021 امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ظالمانہ وجاگیردارانہ نظام کی تبدیلی کے بغیر نوجوانوں سمیت ملک وقوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی، بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ اور یوتھ کی ٹیم کو میدان میں اتاریں گے سندھ باب الاسلام ہے مگر آج شاہ لطیف بھٹائیؒ کی امن ومحبت کی دھرتی ظلم وجبر اور لوٹ مار کا شکار ہے۔ناظم جوکھیو ،فہمیدہ سیال، رمشہ وسان،تانیہ خاصخیلی اور ام رباب کے پیارے ابھی تک انصاف کے منتظر ہیں، یوتھ کے نوجوانوں کو ظلم وجاگیرانہ ذہنیت کیخلاف اور مظلوم عوام کی دادرسی کیلئے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ سندھ کونسل کے اجلاس سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز، عقیل احمد خان،صوبائی صدر حسن کھوسہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صوبائی امیر نے مزید کہا کہ دنیا میں سب سے بڑا کام دعوت کا ہے، یوتھ کے نوجوان اپنے اخلاص وکردار کے ذریعے نوجوانوں کو ایک بڑے مقصد کیلئے متحد کرکے جماعت اسلامی کا ہر اول دستہ بنائیں، ہر شہر ،گوٹھ اور یوسی میں جے آئی یوتھ کا یونٹ قائم کیا جائے یوتھ کے نوجوان اپنا تعلق اللہ تعالیٰ اور قرآن سے تعلق مضبوط کریں اس کے بغیر جنت کے حصول سمیت کوئی بھی کامیابی ناممکن ہے کیونکہ محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

صوبائی امیرنے جے آئی یوتھ کی جانب سے ناظم جوکھیو اور فہمیدہ سیال کے قتل کیخلاف یوم احتجاج اور وفود بناکرلواحقین کے پاس جاکر اظہار ہمدردی کرنے پر خوش آئندہ عمل قراردیتے ہوئے پوری ٹیم کی تحسین کی۔