مظفرآباد(صباح نیوز) آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے شعبہ اوریک کے زیر اہتمام منسٹری آف انفارمیشن ٹیکنالوجی پاکستان اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے شروع کیئے گئے نیشنل فری لانسنگ ٹریننگ پروگرام (این ایف ٹی پی ) کے دو مکمل ہونے والے سیشن کے کامیاب گریجویٹس کے اعزاز میں بدھ کے روز چہلہ کیمپس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی آزاد کشمیر حکومت کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر چودھری محمد اقبال تھے جبکہ سیکرٹری آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد ، ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی ڈاکٹر خالد رفیق، ریجنل ہیڈ این ایف ٹی پی محمدامجد سمیت رجسٹرار جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل، ڈین سائنسز پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ،میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری ، ڈائریکٹر اوریک پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم احمد اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان ، فیکلٹی ممبران این ایف پی ٹی کے ٹرینرز اور گریجویٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وزیر حکومت ریاست جموں و کشمیر چودھری اقبال نے نیشنل فری لانسنگ ٹریننگ کے دو سیشن کے کامیاب نوجوانوں کو اس اہم پروگرام کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے ساتھ مقابلے اور آنے والے وقت میں بے روزگاری جیسے بڑے مسئلے سے نمٹنے کیلئے مختلف مہارتوں کا حصول ناگزیر ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کرونا وباء نے دنیا کو روزگار کے حصول کی ایک نئی جہت کی اہمیت کی طرف توجہ مبذول کروائی۔ جس کے ذریعے گھر بیٹھے بذریعہ انٹرنیٹ اپنے آمدن کے ذرائع کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ فری لانسنگ کی اہمیت اور افادیت پر زور دیتے ہوئے وزیر حکومت نے کہا کہ ریاست میں بڑھتے ہوئے بے روزگاری کے مسائل سے نجات حاصل کرنے کیلئے دستیاب افرادی وسائل کی مہارتوں میں اضافہ دور حاضر کی اہم ضرورت ہے۔
اُنہوں نے جامعہ کشمیر کے متعلقہ شعبہ جات کو اس اہم منصوبے پر مکمل لگن سے کام کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جامعات کوسکل ڈویلپمنٹ پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ نصاب پر بھی نظر ثانی کرنا ہو گی تاکہ نوجوانوں کو مستقبل کے جیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے بروقت تیار کیا جا سکے۔
چودھری محمد اقبال نے کہا کہ اس وقت دنیا میں ای کامرس ، ڈیٹا سائنسز اور نیٹ ورک سیکورٹی کے شعبوں میں فری لانسنگ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ نوجوانوں کو ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اُٹھانے کیلئے مئوثر انداز میں اپنی مہارتوں میں اضافہ کرنا ہو گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اُن کی وزارت خطہ میں افرادی وسائل کی ترقی باالخصوص فری لانسنگ کے فروغ کیلئے قابل ذکر اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ریاست میں انٹرنیٹ کے مسائل کا حل سر فہرست ہے۔
وزیر حکومت نے کہا کہ اسی تسلسل میں میرپور میں سپیشل ٹیکنالوجی سنٹر راولاکوٹ میں ایکسیلنس سنٹر جبکہ دیگر اضلاع میں بھی تیز رفتار آئی ٹی سنٹر قائم کیئے جائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی محترمہ مدحت شہزاد نے کہا کہ اُن کیلئے یہ امر باعث مسرت ہے کہ جامعہ کشمیر کے زیر اہتمام فری لانسنگ کے کورسز کے کامیاب طلباء تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اپنی آمدن میں اضافے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آزاد خطے میں بے روزگاری جیسے بڑے مسئلے کے حل کیلئے سکل ڈویلپمنٹ پر کام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈائریکٹر ریسرچ انویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کشمیر ڈاکٹر محمد نعیم احمد نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ نیشنل فری لانسنگ ٹریننگ پروگرام جامعہ کشمیر میں اگست 2021ء میں شروع کیا گیا۔ جس کے دو کورسز میں 95طلبائ/طالبات نے داخلہ لیا اور قلیل مدت میں چھ ہزار پانچ سو ڈالر سے زائد رقم فری لانسنگ کے ذریعے کمائی۔ اُنہوں نے بتایا کہ جامعہ کشمیر ریاست کی واحد یونیورسٹی ہے جو دیگر تعلیمی پروگرامز کے ساتھ ساتھ سکل ڈویلپمنٹ پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم احمد نے کہا کہ اس سلسلے کا تیسرا کورس رواں ماہ اُن کے شعبہ اوریک ، آئی ٹی اور سافٹ ویئر انجینئرنگ کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ریجنل ہیڈ این ایف پی ٹی محمد امجد نے بتایا کہ اس قومی نوعیت کے اہم منصوبے کے تحت ملک بھر میں سات ہزار سے زائد افراد کو ٹریننگ دی جا چکی ہے اور آزاد کشمیر میں بھی یہ پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔
تقریب سے ڈین سائنسز پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ، ڈاکٹر سائقہ اندلیب کورس کے کامیاب طلباء مدثر احمد اور سیدہ عدینہ گردیزی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر گریجویٹس میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیئے گئے۔